خدمات کے شعبے کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 9 فیصد اضافہ

آئی ٹی سیکٹر کا خدمات کی برآمدات میں شیئر 47.5 فیصد رہا،مجموعی حجم 8 ارب 39 کروڑ ڈالر رہا

بدھ 20 اگست 2025 17:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2025ء)گزشتہ مالی سال میں خدمات کے شعبے کی برآمدات میں 9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا،آئی ٹی سیکٹر نے سب سے زیادہ حصہ ڈال کر خدمات کی برآمدات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔رپورٹ کے مطابق جولائی 2024 سے جون 2025 تک خدمات کی برآمدات کا حجم 8 ارب 39 کروڑ ڈالر رہا، جو گزشتہ مالی سال کے 7 ارب 69 کروڑ ڈالر سے زیادہ ہے۔

صرف جولائی 2025 میں ہی خدمات کی برآمدات 18 فیصد اضافے سے 74 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق آئی ٹی سیکٹر کا خدمات کی برآمدات میں شیئر 47.5 فیصد رہا۔اس دوران آئی ٹی برآمدات میں 24 فیصد اضافہ ہوا اور جولائی میں 35 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی ٹیکنالوجی ایکسپورٹ کی گئی، جس میں ٹیلی کمیونیکیشن، کمپیوٹر اور انفارمیشن سروسز شامل ہیں۔جولائی میں دیگر بزنس سروسز کی برآمدات 15 کروڑ 10 لاکھ ڈالر اور ٹریول سروسز کی برآمدات 4 کروڑ 70 لاکھ ڈالر رہیں۔ ٹرانسپورٹ سیکٹر میں بھی نمایاں اضافہ ہوا جس کی برآمدات جولائی میں 7 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہیں، جو ماہانہ 5 اور سالانہ 22 فیصد زیادہ ہیں۔