یورپین ٹریڈ یونین کنفیڈریشن کا اسرائیل کے خلاف فوری پابندیوں کا مطالبہ

یورپی یونین کو تمام دستیاب ذرائع استعمال کرنے چاہئیں تاکہ فوری اور دیرپا جنگ بندی کو یقینی بنایا جا سکے،بیان

بدھ 20 اگست 2025 17:26

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2025ء)یورپین ٹریڈ یونین کنفیڈریشن (ای ٹی یو سی)نے غزہ میں تباہ کن انسانی صورتحال اور اسرائیلی حکومت کی جاری کارروائیوں کے پیشِ نظر یورپی یونین اسرائیل ایسوسی ایشن ایگریمنٹ کی معطلی سمیت اسرائیل کے خلاف فوری پابندیوں کا مطالبہ کیا ہے۔اماراتی نیوز ایجنسی کے مطابق اس سلسلے میں یورپین ٹریڈ یونین کنفیڈریشن نے یورپی یونین کی نمائندہ کایا کالاس کو ایک خط لکھاجس میں غزہ کے حوالے سے مزید فیصلہ کن اور اصولی اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین کو تمام دستیاب ذرائع استعمال کرنے چاہئیں تاکہ فوری اور دیرپا جنگ بندی کو یقینی بنایا جا سکے اور غزہ کے عوام تک مکمل، بلا رکاوٹ اور مسلسل انسانی امداد کی رسائی ممکن ہو۔

(جاری ہے)

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ یورپی یونین کو اپنی تحقیقات اور نتائج کی بنیاد پر فوری پابندیاں عائد کرنی چاہئیں، جن میں ایسوسی ایشن ایگریمنٹ کی معطلی بھی شامل ہے، اس معاہدے کی شق نمبر 2 تعاون کو انسانی حقوق اور جمہوری اصولوں کے احترام سے مشروط کرتی ہے۔

خط میں اسرائیلی آباد کاریوں کے ساتھ تمام تجارتی و اقتصادی تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔یہ خط ای ٹی یو سی، یو این آئی یورپا، ای پی ایس یو، انڈسٹری آل یورپ، ای ٹی ایف، یورو کاپ، ای ایف ایف اے ٹی، ای ایف بی ڈبلیو ڈبلیو، ای ٹی یو سی ای- سی ایس ای ای اور ای ایف جے کے سیکرٹری جنرلز نے مشترکہ طور پر دستخط کیا ہے ، یہ تنظیمیں یورپ بھر کے 4 کروڑ 50 لاکھ مزدوروں کی نمائندگی کرتی ہیں۔