پاک فضائیہ نے گلگت بلتستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بے مثال امدادی کارروائیوں کا آغاز

بدھ 20 اگست 2025 18:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اگست2025ء) پاک فضائیہ نے گلگت بلتستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بے مثال امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ سخت موسمی حالات اور دشوار گزار پہاڑی راستوں کے باوجود، پاک فضائیہ کے سی-130 طیاروں نے نور خان ایئر بیس سے سات ٹن خشک راشن، اشیائے خوردونوش اور ضروری ادویات متاثرہ علاقوں تک پہنچائیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، امدادی سامان نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم ای) کے تعاون سے دور دراز اور متاثرہ علاقوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ سیلاب سے زمینی راستے منقطع ہونے کے باوجود، پاک فضائیہ نے امدادی سامان بروقت متاثرہ خاندانوں تک پہنچایا۔ اس کے علاوہ، آپریشن کے دوران پاک فضائیہ کی ٹیموں نے سیلاب میں پھنسے 75 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔

(جاری ہے)

حکام کا کہنا ہے کہ یہ امدادی آپریشن انتہائی مربوط اور سرعت کے ساتھ کیا گیا ہے، جو کہ ملک گیر ہنگامی امدادی مہم کا حصہ ہے۔ پاک فضائیہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں بھی طیارے اور زمینی ٹیمیں ریلیف سرگرمیوں میں مصروف عمل رہیں گی اور متاثرین کو خوراک، ادویات، شیلٹرز اور طبی امداد فراہم کریں گی۔پاک فضائیہ کی بروقت کارروائی نے سیلاب متاثرہ خاندانوں کے لیے امید کی کرن پیدا کی ہے، جو اس بات کا عکاس ہے کہ افواج پاکستان ہر مشکل وقت میں اپنے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔