ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی بینش جرال کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہٹیاں بالا کا اجلاس

بدھ 20 اگست 2025 18:43

چناری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اگست2025ء)ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی بینش جرال کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہٹیاں بالا میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا،جس میں مون سون بارشوں کے دوران مین شاہراہِ سرینگر پر لینڈ سلائیڈنگ اور دیگر مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر این ایچ اے سمیت نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی تکنیکی ٹیم، افسر مال عامر عباسی،نائب تحصیلدار ایاز چغتائی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی،اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بینش جرال نے کہا کہ شاہراہِ سرینگر نہ صرف جہلم ویلی بلکہ پورے آزاد کشمیر کے لیے آمد و رفت کی شہ رگ ہے، اس کی بحالی اور دیکھ بھال میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، انہوں نے این ایچ اے کے آفسران کو ہدایت کی کہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہونے والے مقامات پر فوری طور پر مشینری اور عملہ تعینات کیا جائے تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے،این ایچ اے ٹیم نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مختلف مقامات پر بارشوں سے متاثرہ سڑک کی بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے،جبکہ کمزور پلوں اور نالہ پار پوائنٹس پر مینٹیننس کا عمل بھی تیز کر دیا گیا ہے،ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ عوامی سہولت کو اولین ترجیح دی جائے، اس سلسلے میں تمام ادارے باہمی روابط کو مضبوط بنائیں تاکہ کسی ہنگامی صورتحال میں بروقت اقدامات کیے جا سکیں،عوامی نمائندوں اور شریک آفسران نے ڈپٹی کمشنر کی ہدایات پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

(جاری ہے)

دریں اثناء ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی بینش جرال کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر این ایچ اینے چناری بازار میں مرکزی پل کا معائنہ کرنے کے بعد کہا کہ پل ہر قسم کی ٹریفک کے لیے محفوظ ہے عوام علاقہ کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔