وزیر اعلیٰ پنجاب کا ویژن، عوامی فلاح کے منصوبوں کی منظوری

دہائیوں پرانے التواع کے شکار اہم منصوبے بھی ترجیحی بنیادوں پر منظور ہونے لگے

بدھ 20 اگست 2025 22:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2025ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی منظوری ترجیحی بنیادوں پر دی جا رہی ہے جبکہ دہائیوں سے التوا کا شکار اہم منصوبے بھی اب منظور ہونے لگے ہیں۔ ترجمان محکمہ ہائوسنگ کے مطابق لاہور کی تاریخ میں پہلی بار ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کی تنصیب کی جا رہی ہے۔

بابو صابو ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ پی ڈی ڈبلیو پی سے منظور ہو چکا ہے جبکہ کٹاربند ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی منظوری بھی لی جائے گی۔ترجمان محکمہ ہائوسنگ کے مطابق منصوبوں کے تحت سیوریج کے پانی کو صاف کر کے دریائے راوی میں ڈالا جائے گا۔ اس مقصد کے تحت بابو صابو کے مقام پر 836ایکڑ اراضی سال 1992-93میں حاصل کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

بابو صابو ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ منصوبے کی کل لاگت 50.2ارب روپے ہے۔

پہلے مرحلے میں کینٹ ڈرین، ملتان روڈ اور گلشن راوی کے سیوریج کو صاف کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ یہ منصوبہ فرانس کے ڈونر ادارے اے ایف ڈی کے تعاون سے مکمل کیا جائے گا۔ منصوبے کے تحت یومیہ 88ملین گیلن پانی صاف کیا جا سکے گا جبکہ منصوبے کی کل استعداد یومیہ 198ملین گیلن ہو گی۔ یہ منصوبہ تقریباً ساڑھے چار سال میں مکمل کیا جائے گا۔ترجمان محکمہ ہائوسنگ کے مطابق لاہور کا سیوریج ڈسپوزل سے پہلے مکمل طور پر صاف کرنے کے لیے کل 6ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس درکار ہوں گے۔ سینئر منسٹر پنجاب مریم اورنگزیب کی ہدایات کی روشنی میں ماحولیاتی بہتری کے منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں گے۔