Live Updates

ٹی ایم سیز ریٹائر ملازمین کی پینشن کا اجرا اولین ترجیح ہے، سید ذوالفقارشاہ

بدھ 20 اگست 2025 23:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اگست2025ء) سجن یونین سی بی اے کے ایم سی کے مرکزی صدر سید ذوالفقارشاہ نے کہا ہے کہ 2023 سے ٹی ایم سیز سے ریٹائر ہونے والے 1900کے لگ بھگ ملازمین کو عدالتی حکم کے باوجود پینشن کا اجرا نہ کرکے لوکل گورنمنٹ،فنانس اور کے ایم سی توہین عدالت کے مرتکب ہوگئے ہیں۔ انہیں تاحال پینشن کیسز مکمل ہونے کے باوجود ماہانہ پینشن کا اجرا نہیں کیا جارہا ہے۔

کے ایم سی فنڈز نہ ہونے اور لوکل گورنمنٹ وفنانس ڈیپارٹمنٹ کے ایم سی کو اسپیشل گرانٹ اور پینشن کی براہ راست کٹوتی کی منتقلی کا بہانہ اختیار کرکے ریٹائر ملازمین کو دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہوگئے ہیں۔جس پر سندھ ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی ہے۔جس پر تمام فریقین کو نوٹس کے اجرا کے بعد آج 20 اگست کو سماعت ہوناتھی جوکراچی میں بارش کے باعث ہونے والی تعطیل کی وجہ سے نہ ہوسکی۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں فوری سماعت کی درخواست دائر کی جارہی ہے۔ سیدذوالفقارشاہ نے ریٹائر ملازمین کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پینشن کا اجرا کروانا ہماری اولین ترجیح ہے۔انہوں نے ریسٹوریشن آف پینشن سے محروم 72 سال اور اس سے زائد کے پینشنرز سے بھی ملاقات کی انہیں میٹروپولیٹن کمشنر کے ایم سی اور فنانشل ایڈوائزر سے ریسٹوریشن آف پینشن کے حوالے سے ہونے والی میٹنگ اور اس پر پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ریسٹوریشن کے کیسز کو منظوری کے لیے فنانشل ایڈوائزر کو بھیجوادیا گیا ہے۔

اس پر بل بھی مکمل کرلیے ہیں انشا اللہ زیر التوا ریسٹوریشن کے تمام کیسز کو فوری طور پر ترجیحی بنیادوں پر حل کراویا جائے گا۔انہوں نے مذید کہا کہ جن ٹی ایم سیز میں ابھی تک پینشن کیسز دفتر میں پڑے ہوئے ہیں ان ٹی ایم سیز کے فوکل پرسن اور میونسپل کمشنرزکے خلاف بھی توہین عدالت کی کاروائی کا جلد آغاز ہوگا۔اس سلسلے میں ریجنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ نے لیٹرز تحریر کردیئے ہیں۔وفود نے مسائل کو ہمدردی سے سننے پر سید ذوالفقارشاہ کا شکریہ ادا کیا۔سید ذوالفقارشاہ نے انہیں بتایا کہ گزشتہ روز سندھ ہائی کورٹ نے 36 ریٹائر ملازمین کی درخواست پر دوماہ میں کے ایم سی کو واجبات ادا کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔جوکہ خوش آئند اقدام ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات