امدادی کارروائیوں میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں یو این تقریب

یو این بدھ 20 اگست 2025 19:45

امدادی کارروائیوں میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں یو این تقریب

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 20 اگست 2025ء) 19 اگست کو اقوام متحدہ نے فرائض کی انجام دہی کے دوران جانیں دینے والے امدادی کارکنوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور دنیا کو یاد دہانی کرائی کہ انہیں کبھی حملوں کا نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔

گزشتہ سال دنیا بھر میں جنگوں کے دوران اور دیگر واقعات میں 383 امدادی کارکنوں کی ہلاکت ہوئی۔ رواں سال بھی اس پریشان کن رجحان میں کوئی کمی نہیں آئی اور 14 اگست تک 265 کارکن ہلاک ہو چکے تھے۔

Tweet URL

امدادی کارکنوں، اثاثوں اور کارروائیوں پر حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں جن سے جنگوں اور آفات سے متاثرہ لاکھوں لوگوں کے آخری سہارے کو نقصان ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

اس دن پر جنیوا میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امدادی امور کے لیے اقوام متحدہ کے اعلیٰ سطحی رابطہ کار ٹام فلیچر نے کہا ہے کہ کسی ایک امدادی کارکن پر حملہ سبھی پر اور ان لوگوں پر حملہ ہے جن کی یہ لوگ خدمت کرتے ہیں۔

اس دن کی مناسبت سے نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں ایک تعزیتی تقریب منعقد ہوئی جس میں 2003 میں بغداد میں اقوام متحدہ کے دفتر پر بم حملے کے متاثرین کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

اس واقعے میں عراق کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے سرجیو ڈی میلو سمیت 22 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس واقعے میں زندہ بچ جانے والوں نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔

520 امدادی کارکنوں کی ہلاکت

ٹام فلیچر نے کہا ہے کہ امدادی کارکن ناامیدی کے ماحول میں امید پیدا کرتے ہیں اور غیرانسانی طرزعمل کے مقابل انسانیت لاتے ہیں۔ لیکن دنیا بھر میں ان کارکنوں پر مسلسل حملے ہو رہے ہیں۔

2024 میں اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران ہلاک ہونے والے بیشتر امدادی کارکن مقامی تھے جو اپنے لوگوں کی خدمت کرتے ہوئے یا گھروں میں حملوں کا نشانہ بنے۔

انہوں نے کہا کہ اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں 520 امدادی کارکن ہلاک ہو چکے ہیں جن میں اکثریت فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے (انروا) سے تعلق رکھنے والوں کی تھی۔

یہ مسلسل دوسرا سال ہے جب غزہ امدادی کارکنوں کے لیے دنیا میں سب سے زیادہ مہلک جگہ رہی۔

انہوں نے رکن ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ عام شہریوں اور امدادی کارکنوں کا تحفظ یقینی بنائیں اور ان پر حملے کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔

عالمی برادری سے اپیل

مقبوضہ فلسطینی علاقوں، شام، یمن اور لبنان میں اقوام متحدہ کے نمائندوں نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ بھر میں عام شہری اور امدادی کارکن بڑی تعداد میں ہلاک اور زخمی ہو رہے ہیں۔

اگست 2024 سے اب تک ان علاقوں میں کم از کم 446 امدادی کارکن ہلاک، زخمی یا اغوا ہو چکے ہیں اور دنیا انہیں اور اُن لوگوں کو تحفظ دینے میں ناکام ہے جن کی وہ خدمت کرتے ہیں۔

نمائندوں نے بین الاقوامی قوانین کے احترام کا مطالبہ دہراتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ ان لوگوں کو تحفظ ملنا چاہیے جو انسانیت کا تحفظ کرتے ہیں۔