-زیارت کا واقعہ افسوسناک فریقین کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرکے اختلافات کو جرگے کے ذریعے حل کریں، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی

بدھ 20 اگست 2025 21:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اگست2025ء) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ قبائلی تنازعات پشتون قوم کے مسائل کا حل نہیں ہیں، بلکہ ایسے جھگڑے اور رنجشیں مزید بڑھ جاتی ہیں، اور بالآخر نقصانات کے بعد بھی جرگہ اور مذاکرات ہی آخری حل ثابت ہوتے ہیں۔زیارت میں دو فریقین کے درمیان پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے اور اس کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کے مرکزی سینئر سیکرٹری سید قادر آغا ایڈووکیٹ، مرکزی سیکرٹری مالیات یوسف خان کاکڑ اور صوبائی سیکرٹری اول فقیر خوشحال کاسی نے زیارت میں جان بحق ہونے والے ظفر کاکڑ اور علاالدین کی تعزیت کے موقع پر شرکا سے گفتگو کی۔

اس موقع پر صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز پروفیسر اسد خان ترین اور احمد خان لونی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

رہنمائوں نے کہا کہ پشتون قوم کے قدیم دستور، مثبت روایات اور جرگے کے نظام میں آج بھی اتنی طاقت موجود ہے کہ باہمی رنجشوں اور تنازعات کو ختم کرکے پائیدار حل نکالا جا سکتا ہے۔ زیارت کا واقعہ نہایت افسوسناک ہے، اس لیے فریقین کو صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے اختلافات کو جرگے کے ذریعے حل کرنا چاہیے۔

رہنمائوں نے بتایا کہ اس مسئلے کے حل کے لیے پہلے ہی ایک جرگہ تشکیل دیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی پوری ملت سے اپیل کرتی ہے کہ ایسے قبائلی جھگڑے ہماری قوم کے اجتماعی و قومی مفادات اور متعلقہ قبائل کے لیے مزید نقصان دہ ثابت ہوتے ہیں، اس لیے وقت اور حالات کا تقاضا ہے کہ ہم انتہائی سنجیدگی اور مثبت طرزِ عمل اپنائیں۔پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے واضح کیا کہ وہ ایسے مسائل کے حل کے لیے ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہے اور پارٹی کی قیادت قومی اتحاد و اتفاق کو بڑھانے اور مختلف فریقین کے درمیان موجود رنجشوں کے خاتمے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی

متعلقہ عنوان :