Live Updates

کراچی میں بارش کی تباہی، 16 افراد جاں بحق

صوبائی دارالحکومت میں سیلابی صورتحال قابو میں نہ آنے پر صوبائی حکومت کا تعلیمی اداروں میں دوبارہ تعطیل کا اعلان

muhammad ali محمد علی جمعرات 21 اگست 2025 00:29

کراچی میں بارش کی تباہی، 16 افراد جاں بحق
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 اگست ۔2025 ) کراچی میں بارش کی تباہی، 16 افراد جاں بحق، صوبائی دارالحکومت میں سیلابی صورتحال قابو میں نہ آنے پر صوبائی حکومت کا تعلیمی اداروں میں دوبارہ تعطیل کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں بارشوں کے باعث مختلف علاقوں میں حادثات کے باعث جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 16 ہوگئی۔ ریسکیو حکام کے مطابق نارتھ کراچی سیکٹر اے 53 ہائی سٹار سکول کے قریب گھر میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا، گلستان جوہر بلاک 12 کے قریب گھر کی دیوار گرنے سے 5 افراد جاں بحق ہوئے۔

اورنگی ٹاؤن سیکٹر 11.5 خلیل مارکیٹ اقصیٰ مسجد کے قریب گھر کی دیوار گرنے سے ایک بچہ جاں بحق ہوا، ڈیفنس فیز 6 بڑا بخاری کے قریب گلی میں کرنٹ لگنے سے 1 شخص جاں بحق ہوا۔

(جاری ہے)

ریسکیو حکام کے مطابق ملیر 15 کے قریب پٹرول پمپ میں آگ لگنے سے جھلس کر 1 شخص جاں بحق ہوا، شاہراہ فیصل، پوسٹ آفس کے قریب کرنٹ لگنے سے 1 شخص جاں بحق ہوا۔ شاہ فیصل کالونی میں دو بھائی کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوئے، 19 سالہ مراد خان اور 10 سالہ سراج کو گھر کے قریب کرنٹ لگا، نیو کراچی گڑھے سے ایک شخص کی ڈوبی ہوئی لاش ملی۔

ریسکیو حکام کے مطابق سائٹ سپر ہائی وے پر ایک شخص کی ڈوبی ہوئی لاش ملی، ڈیفنس فیز 6 میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔ ناردرن بائی پاس ، گلشن معمار گڑھے سے ایک لڑکے کی ڈوبی ہوئی لاش ملی ہے۔ اس تمام صورتحال میں سندھ حکومت نے اہم اعلان کیا ہے۔ خراب موسم اور متوقع بارش کے پیش نظر جمعرات کو بھی سندھ بھر میں سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔ محکمہ تعلیم کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے مزید بارشوں کے پیش نظر سندھ بھر میں کل بھی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کردیا۔ دوسری جانب محکمہ تعلیم سندھ نے بھی واضح کیا ہے کہ صوبے میں تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے، فیصلے کا اطلاق تمام نجی و سرکاری سکول و کالجز پر ہوگا۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات