دنیا بھر میں اپنی نرم دلی سے مشہور امریکی جج فرینک کیپریو 88 برس کی عمر میں چل بسے

عدالت میں ان کا انداز ایسا تھا جس میں قانون کے علاوہ ہمدردی، سمجھ بوجھ اور نرمی جھلکتی تھی جس سے انہیں شہرت ملی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 21 اگست 2025 11:19

دنیا بھر میں اپنی نرم دلی سے مشہور امریکی جج فرینک کیپریو 88 برس کی عمر ..
واشنگٹن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اگست 2025ء ) دنیا بھر میں اپنی نرم دلی سے مشہور امریکی جج فرینک کیپریو 88 برس کی عمر میں چل بسے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکہ سے تعلق رکھنے والے اپنے انسان دوست عدالتی فیصلوں کے باعث دنیا بھر میں مشہور جج فرینک کیپریو طویل عرصہ تک لبلبے کے کینسر سے لڑنے کے بعد 88 برس کی عمر میں دنیا سے چلے گئے، ان کے اہل خانہ نے بتایا کہ وہ پُرامن طریقے سے اپنے پیاروں کے درمیان دنیا سے رخصت ہوئے، جج کیپریو کو نا صرف ایک قابل جج بلکہ ایک شفیق شوہر، محبت کرنے والے والد، دادا، پردادا اور بہترین دوست کے طور پر یاد کیا جا رہا ہے، ان کے انتقال پر دنیا بھر سے مداح اور پیروکار انہیں خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں اور اپیل کی جا رہی ہے کہ ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے معاشرے میں زیادہ محبت، نرمی اور انسانیت کو فروغ دیا جائے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ جج کیپریو اپنے نرم دلی، رحم اور انسانیت پر یقین رکھنے کی وجہ سے نہ صرف امریکہ بلکہ دنیا بھر میں جانے جاتے تھے، ان کے عدالتی فیصلوں کی ویڈیوز لاکھوں بار سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں جن میں وہ مجرموں کے حالات اور جذبات کو سمجھتے ہوئے ایسا انصاف کرتے تھے جو قانونی کے ساتھ ساتھ اخلاقی پہلو بھی اجاگر کرتا تھا، اسی رویے کے باعث انہیں ’دنیا کے سب سے رحم دل جج‘ کے طور پر انتہائی شہرت ملی کیوں کہ عدالت میں ان کا انداز ایسا تھا جس میں قانون کے علاوہ ہمدردی، سمجھ بوجھ اور نرمی جھلکتی تھی، ان کا مشہور قول ہے کہ ’کبھی کبھی آپ کسی کی زندگی صرف اس کے کندھے پر ہاتھ رکھ کر یہ کہہ کر بدل سکتے ہیں کہ میں تم پر یقین رکھتا ہوں۔

معلوم ہوا ہے کہ کیپریو نے تقریباً 50 سال قبل پروویڈنس رہوڈ آئی لینڈ میں بطور جج خدمات سے اپنے کریئر کا آغاز کیا، اس سے قبل وہ امریکہ میں تعلیم حاصل کرتے رہے اور قانون کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد 1985ء میں پروویڈنس میونسپل کورٹ کے جج بنے جہاں انہوں نے 2023ء تک فرائض انجام دیے، دسمبر 2023 میں انہوں نے اینے ایک پیغام کے ذریعے بتایا تھا کہ انہیں لبلبے کے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے، اس کے بعد انہوں نے علاج کے دوران مداحوں سے دعاؤں کی اپیل کی۔

بتایا گیا ہے کہ مئی 2024ء میں انہوں نے اپنی آخری ریڈی ایشن مکمل ہونے پر خوشی کا اظہار کیا تھا مگر چند ماہ بعد دوبارہ طبی مسائل کے باعث اسپتال میں داخل ہونا پڑا، وہ اپنی زندگی اور فیصلوں کے ذریعے دنیا بھر کے لوگوں کو ہمدردی، درگزر اور نرمی اختیار کرنے کی ترغیب دیتے رہے، جج فرینک کیپریو کو سب سے زیادہ شہرت ان کے ٹی وی شو ’Caught in Providence‘ سے حاصل ہوئی جو 2000ء میں شروع ہوا اور چار مرتبہ ڈے ٹائم ایمی ایوارڈز کے لیے نامزد ہوا۔