Live Updates

میں نے گھر جانے کیلئے کشتی منگوائی ہے، سکندر بخت بھی کراچی میں بارش میں پھنس گئے

گزشتہ روز کراچی میں 250 ملی میٹر سے زائد ہونے والی موسلادھار بارش نے شہر کا نظام درہم برہم کردیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 21 اگست 2025 11:33

میں نے گھر جانے کیلئے کشتی منگوائی ہے، سکندر بخت بھی کراچی میں بارش ..
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 اگست 2025ء ) سابق ٹیسٹ کرکٹر سکندر بخت بھی کراچی میں موسلادھار بارش کے بعد سیلابی صورتحال میں پھنس گئے۔ 
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ کراچی کے پوش علاقے ڈی ایچ اے میں موجود ہیں جہاں سڑک پر پانی جمع ہے۔ 
سکندر بخت کو کہتے سنا جاسکتا ہے کہ ’میں نے کشتی منگوائی ہے، تاکہ میں گھر جاسکوں‘۔

 
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں 250 ملی میٹر سے زائد ہونے والی موسلادھار بارش نے شہر کا نظام درہم برہم کردیا۔ کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال اور بجلی نہ ہونے کے باعث اب بھی عوام کو پریشانی کا سامنا ہے۔ 
محکمہ موسمیات نے آج جمعرات کو بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے، گزشتہ روز کہیں درمیانی تو کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

 
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ سندھ میں بارش کا سبب بننے والا سسٹم آج بھی فعال رہے گا، ہوا کے کم دباؤ کے باعث سندھ میں مزید بارشوں کا امکان ہے، آج دوپہر کے وقت گرج چمک والے بادل بننے کی توقع ہے۔ 
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں دوپہر سے شام، اور رات کے دوران تیز بارش اور ہوائیں چل سکتی ہیں، بعض مقامات پر موسلا دھار بارش کا بھی امکان ہے، جب کہ شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ برقرار ہے۔

محکمے کا کہنا ہے کہ آج رات سے سسٹم کی شدت میں کمی کا امکان ہے، اور بارشوں کا یہ سلسلہ جمعہ تک جاری رہ سکتا ہے۔ 
دوسری طرف کراچی میں آج کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات