محمد عامر 400 ٹونٹی ٹونٹی وکٹیں مکمل کرنے والے دوسرے پاکستانی بائولر بن گئے

عامر نے سی پی ایل میچ میں فیبین ایلن کو آؤٹ کر کے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں اپنی 400ویں وکٹ حاصل کی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 21 اگست 2025 15:33

محمد عامر 400 ٹونٹی ٹونٹی وکٹیں مکمل کرنے والے دوسرے پاکستانی بائولر ..
اینٹیگا (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 21 اگست 2025ء ) پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد عامر اس وقت ٹرینباگو نائٹ رائیڈرز کی نمائندگی کر رہے ہیں، بدھ کے روز سر ویوین رچرڈز اسٹیڈیم، نارتھ ساؤنڈ میں کیریبین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) 2025ء میں اینٹیگوا اور باربوڈا فالکنز کے خلاف میچ کے دوران کیریئر کا ایک اہم سنگ میل عبور کر گئے۔
33 سالہ عامر نے میچ میں فیبین ایلن کو آؤٹ کر کے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں اپنی 400 ویں وکٹ حاصل کی اور یہ کارنامہ انجام دینے والے دوسرے پاکستانی باؤلر بن گئے۔

(جاری ہے)

وہ اپنے 343 ویں میچ میں تاریخی مقام تک پہنچے اور اب وہ T20 وکٹ لینے والوں کی ہمہ وقتی فہرست میں نویں نمبر پر ہیں۔
ٹونٹی ٹونٹی فارمیٹ میں پاکستان کے لیے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بولر بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز وہاب ریاض ہیں جنہوں نے 348 میچوں میں 7.54 کے اکانومی ریٹ سے 413 وکٹیں حاصل کیں جن میں تین بار میچ میں پانچ وکٹیں بھی شامل ہیں۔ 
سہیل تنویر 388 میچز میں 389 وکٹوں کے ساتھ اس فہرست میں تیسرے، عماد وسیم 405 مقابلوں میں 375 وکٹیں حاصل کرکے چوتھے، شاہد آفریدی 329 میچز میں 347 وکٹوں کے ساتھ پانچویں جب کہ شاداب خان 345 وکٹیں حاصل کرکے چھٹے نمبر پر ہیں۔