ہائیکورٹ نے ریٹائرڈ اسسٹنٹ کمشنر منور حسین بھٹی کیخلاف انکوائری کا کیس نمٹا دیا

جمعرات 21 اگست 2025 15:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2025ء) ریٹائرڈ اسسٹنٹ کمشنر منور حسین بھٹی کے خلاف انکوائری کے اقدام کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔ عدالت نے سپریم کورٹ کے فیصلوں اور قانون کے مطابق انکوائری مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔ جسٹس خالد اسحاق نے ریٹائرڈ اسٹنٹ کمشنر منور حسین کی درخواست پر سماعت کی ۔

درخواست گزار منور حسین بھٹی کی جانب سے پنجاب حکومت بذریعہ چیف سیکرٹری ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی اور ڈی جی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی عرفان علی کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا گیا کہ وہ 31دسمبر 2022ء کو اسسٹنٹ کمشنر کے عہدے سے ریٹائر ہوئے تھے اور ریٹائرمنٹ کے وقت ان کے خلاف کوئی انکوائری زیر التواء نہیں تھی۔

(جاری ہے)

تاہم دو سال بعد 7مارچ 2025ء کو پنجاب ایمپلائز ایفیشنسی، ڈسپلن اینڈ اکائونٹیبلٹی ایکٹ (پیڈا ایکٹ)کے تحت ان کے خلاف انکوائری شروع کی گئی، انہیں چارج شیٹ اور شوکاز نوٹس بھی جاری کیا گیا۔

درخواست گزار وکیل نے موقف اپنایا کہ سپریم کورٹ کے واضح فیصلوں کے مطابق ریٹائرمنٹ کے بعد انکوائری نہیں کی جاسکتی لہٰذا ان کے خلاف انکوائری شروع کرنے کا اقدام غیر قانونی ہے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ 7مارچ 2025ء کے آرڈر کو کالعدم قرار دیا جائے۔ عدالت نے وکیل کا موقف سننے کے بعد درخواست نمٹاتے ہوئے قرار دیا کہ انکوائری قانون اور سپریم کورٹ کے فیصلوں کے مطابق مکمل کی جائے۔