ٹھل کے شاہی بازار میں آگ بھڑک اُٹھی، کئی دکانیں اور ریڑھیاں جل کر راکھ، لاکھوں کا نقصان

جمعرات 21 اگست 2025 17:48

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2025ء) ٹھل کے شاہی بازار میں آگ بھڑک اُٹھی، کئی دکانیں اور ریڑھیاں جل کر راکھ، لاکھوں کا نقصان۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کے مصروف شاہی بازار میں اللہ کے اسم مبارک والے ٹاور میں اچانک شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اُٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے کئی دکانوں، چھپروں اور ریڑھیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا عینی شاہدین کے مطابق رات کے وقت بجلی کے شارٹ سرکٹ کے باعث اچانک آگ بھڑک اُٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے کئی دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ، آگ کی اطلاع فائر بریگیڈ عملے کو دی گئی لیکن اطلاع ملنے کے باوجود فائر بریگیڈ تاخیر سے پہنچی جس کی وجہ سے زیادہ نقصان ہوگیا اور لاکھوں روپے کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا متاثرہ دکانداروں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ سیپکو حکام کی نااہلی اور غفلت کی وجہ سے واقعہ پیش آیا ہے، ان کے مطابق بجلی کی ننگی تاروں کے باعث اکثر شارٹ سرکٹ کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں لیکن بارہا شکایات کے باوجود سیپکو حکام نے کوئی عملی اقدام نہیں کیا، کاروباری حلقوں نے حکومت سندھ اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرہ دکانداروں کے نقصان کا فوری ازالہ کیا جائے اور سیپکو حکام کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ اس طرح کے واقعات سے بچا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :