حاضر سروس وریٹائرڈ سرکاری ملازمین کے مسائل میں کسی بھی قسم کی تاخیر نہیں ہونی چاہیے ، ریجنل ڈائریکٹر

جمعرات 21 اگست 2025 17:56

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) صوبائی محتسب لاڑکانہ کے ریجنل ڈائریکٹر علی اکبر جاگیرانی نے کہا ہے کہ حاضر سروس اور ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کے مسائل میں کسی بھی قسم کی تاخیر نہیں ہونی چاہیے بلکہ انہیں فوری حل کیا جائے۔انہوں نے یہ بات جمعرات کوڈسٹرکٹ اکاو نٹس آفس لاڑکانہ میں ملازمین کی بقایا تنخواہوں، پنشن اور دیگر واجبات کے حوالے سے منعقدہ ایک کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ ملازمین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور مطلوبہ کاغذات بروقت مکمل کر کے ان کے واجبات ادا کیے جائیں تاکہ انہیں کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے مزید کہا کہ حاضر سروس بالخصوص ریٹائرڈ ملازمین کا سہارا پنشن، جی پی فنڈ اور دیگر واجبات ہیں جو ملنے کے بعد ان کی گزر بسر کا واحد ذریعہ ہوتے ہیں، اس لیے ان میں کسی بھی قسم کی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اکاو نٹس آفیسر کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ جن ملازمین کے کاغذات نامکمل ہیں، انہیں فوری طور پر مکمل کیا جائے اور خاص طور پر پنشن اور جی پی فنڈ کی ادائیگی فوراً یقینی بنائی جائے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اکاو نٹس آفیسر عبدالفتاح سومرو نے کہا کہ ہمارا ادارہ ملازمین کے مسائل کے حل کے لیے بغیر کسی تفریق کے کام کر رہا ہے جن میں پنشن، جی پی فنڈ اور بقایا تنخواہیں شامل ہیں، اور یہ کاغذات مکمل ہونے کے بعد انہیں فوری طور پر ادا کی جاتی ہیں۔

کھلی کچہری میں مسمات صفیہ سیال، علی اکبر اور دیگر کی جی پی فنڈ، پنشن اور بقایا انکریمنٹ کی ادائیگی کے حوالے سے ریجنل ڈائریکٹر نے موقع پر ہی احکامات جاری کیے کہ انہیں فوراً یہ واجبات ادا کیے جائیں۔ کھلی کچہری کے دوران 10 سے 12 درخواستیں وصول ہوئیں۔