ایم ڈی بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کا سعودی عرب کا دورہ

جمعرات 21 اگست 2025 19:26

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) ایم ڈی بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی طارق جاوید مینگل نے سعودی عرب کا دورہ کیا۔ اس دورے کے دوران انہوں نے متعدد بڑی سعودی کمپنیوں کے سربراہان سے ملاقاتیں کیں اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع تلاش کرنے پر غور کیا۔طارق جاوید مینگل نے چیف منسٹر یوتھ سکل ڈویلپمنٹ اینڈ اوورسیز اپلائمنٹ پروگرام کے تحت سعودی عرب بھیجے گئے بلوچ نوجوانوں سے بھی خصوصی ملاقات کی۔

اس موقع پر انہوں نے سعودی عرب میں برسر روزگار نوجوانوں کے مسائل سماعت سے گزارے اور ان کے فوری حل کا یقین دلایا۔سعودی عرب میں کام کرنے والے نوجوانوں نے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے اس احسن اقدام کے شکر گزار ہیں جس کے تحت انہیں بیرون ملک روزگار کے مواقع فراہم کیے گئے۔

(جاری ہے)

نوجوانوں نے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف ان کی معاشی حالت بہتر ہوگی بلکہ صوبے کے لیے زرمبادلہ کے حصول میں بھی مدد ملے گی۔

ایم ڈی بی ٹیوٹا نے بتایا پوری دنیا میں پہلی بار ایسا پروگرام متعارف ہوا کہ تمام اخراجات حکومت بر داشت کر کے نوجوانوں کو باہر ممالک روزگار کے لئے بھجوایا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہمارے لئے یہ اعزاز بھی ہے کہ ہمارے بھیجے گئے نوجوان" نیوم سٹی " کی تعمیر میں کام کر رہے ہیں ۔طارق جاوید مینگل نے بتایا کہ سعودی کمپنیوں کے ساتھ ہونے والے مذاکرات بہت مثبت رہے اور بہت جلد نئی کمپنیوں میں بلوچ نوجوانوں کو بھیجا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب وزیر اعلیٰ بلوچستان کے نوجوانوں کے مستقبل کے حوالے سے ویژن کی بدولت ممکن ہوا ہے۔