سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہے ہیں ،وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان

جمعرات 21 اگست 2025 21:55

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے تمام اضلاع سیلاب کی وجہ سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں اور قیمتی انسانی جانوں کا نقصان ہوا ہے۔ سیلاب متاثرین کی بحالی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ایمرجنسی کے تحت کام شروع کئے ہیں۔ پینے اور آبپاشی کیلئے پانی اور بجلی کی بحالی سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ایمرجنسی کے تحت منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے سیلاب کی وجہ سے قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔

(جاری ہے)

متعلقہ محکمے بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔ آفت اور آزمائش کی اس گھڑی میں سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں، متاثرین بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے گلگت دنیور نالہ میں مٹی کا تودہ گرنے کی وجہ سے جاں بحق ہونے والے مقامی رضاکاروں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ نے جاں بحق ہونے والے مقامی رضا کاروں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ نیک جذ بہ کے تحت علاقے میں پانی کی بحالی کیلئے اپنی خدمات سرانجام دیتے ہوئے اپنی جانیں قربان کی ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر جاں بحق ہونے والے مقامی رضا کاروں کی بلند درجات کیلئے دعا کی اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دنیور نالہ سمیت سیلاب میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو فوری معاوضوں کی ادائیگی کیلئے احکامات دیئے ہیں۔ ہماری پہلی ترجیح سیلاب متاثرین کو سہولیات فراہم کرنا اور ان کو درپیش مشکلات کو ہنگامی بنیادوں پر حل کرنا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے دنیور میں آبپاشی اور پینے کا پانی آئندہ دو دنوں میں بحال کرنے کے احکامات دیئے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ کو ڈی جی جی بی ڈی ایم اے اور ڈپٹی کمشنر گلگت سمیت متعلقہ آفیسران نے دنیور میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔