خیبرپختونخواہ حکومت کا تجاوزات کے خلاف بے رحم آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ

دریاؤں کے کنارے قائم تجاوزات کیخلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی، عدالتوں سے گزارش ہے تجاوزات قائم کرنے والوں کو سٹے آرڈرز نہ دیے جائیں۔ مشیراطلاعات خیبرپختونخواہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 21 اگست 2025 19:48

خیبرپختونخواہ حکومت کا تجاوزات کے خلاف بے رحم آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ
پشاور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔21 اگست 2025ء ) خیبرپختونخواہ حکومت نے تجاوزات کے خلاف بے رحم آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ دریاؤں کے کنارے قائم تجاوزات کیخلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق مشیراطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے آبی گزرگاہوں پر قائم تعمیرات کا سختی سے نوٹس لیا ہے، وزیر اعلیٰ نے تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کی تیاریوں کا حکم دیا ہے، آبی گزرگاہوں میں قائم تعمیرات انسانی جانوں کے ضیاع کا باعث بن رہی ہیں، دریاؤں کے کنارے قائم تجاوزات کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی، ریور پروٹیکشن ایکٹ پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائیگا.موسمیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر  آبی گزرگاہوں اور دریاوں کے کنارے قائم تجاوازات کا صفایا ناگزیر ہو چکا ہے، عدالتوں سے گزارش ہے تجاوزات قائم کرنے والوں کو سٹے آرڈرز نہ دیے جائیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کر رہے ہیں،وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر ڈیجیٹل ایپ کے ذریعے سیلاب متاثرین کو ادائیگیاں شروع ہو چکی ہیں۔سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں تمام نقصانات کا مکمل ازالہ کیا جائے گا، تین ارب روپے ریلیز کیے جا چکے ہیں، ضرورت پڑنے پر مزید رقم بھی فراہم کی جائے گی،سیلاب متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

مزید برآں مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف سے افغان سفیر سردار احمد شکیب نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، خطے میں امن و استحکام کے لئے دونوں ممالک کے کردار اور امن کے قیام کے لئے خیبر پختونخوا حکومت کے اقدامات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں تجارت اور معیشت کی مضبوطی پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں صوبائی حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے،امن و امان کے قیام میں افغانستان کا کردار کلیدی ہے۔ وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے افغان عوام کی سہولت کیلئے کینسر ہسپتال کی تعمیر کا وعدہ کیا یے۔ افغانستان کے سرحدی علاقوں میں سولر ٹیوب ویل فراہم کئے جائیں گے۔ خطے کی ترقی باہمی اعتماد اور تعاون سے ممکن ہے۔ افغان سفیر،سردار احمد شکیب نے کہا کہ طورخم بارڈر پر تجارتی سہولیات بڑھانے کی ضرورت ہے، تجارت بڑھانے اور معیشت کی مضبوطی سے خطے میں امن اور خوشحالی کا فروغ ہو گا۔ عوام کی خوشحالی کیلئے معاشی اور تجارتی سرگرمیوں کی بحالی ناگزیر ہے۔