پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا ساتواں اجلاس آئندہ سال اسلام آباد میں ہوگا، ترجمان دفتر خارجہ

جمعہ 10 اکتوبر 2025 18:41

پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا ساتواں اجلاس ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا ساتواں اجلاس آئندہ سال اسلام آباد میں ہوگا۔ یہ بات ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے جمعہ کو یہاں پریس بریفنگ میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا چھٹا اجلاس دوشنبے میں منعقد ہوا جس میں پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ (مغربی ایشیا) سید علی اسد گیلانی نے کی جبکہ تاجکستان کی طرف سے نائب وزیر خارجہ فرخضو ارفضو نے سربراہی کی۔

شفقت علی خان نے کہا کہ بات چیت میں سیاسی اور پارلیمانی تعلقات، تجارت اور سرمایہ کاری، دفاع اور سلامتی، توانائی، روابط، ثقافتی اور تعلیمی تبادلے، کثیر الجہتی تعاون اور قونصلر امور سمیت دو طرفہ امور کی وسیع امور کا احاطہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ٹیکسٹائل، لاجسٹکس، زراعت اور خوراک اور فارماسیوٹیکلز میں بڑھتے ہوئے تعاون کے ذریعے تجارتی کو بڑھانے کے امور پر غور کیا۔

انہوں نے علاقائی نقل و حمل کی راہداریوں کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کاسا 1000 کے جلد آپریشنلائزیشن کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا جس کا مقصد علاقائی انضمام اور توانائی کی سلامتی کو مضبوط بنانا ہے۔ اجلاس میں دفاعی اور سکیورٹی تعاون کا جائزہ لیا گیا جس میں انسداد دہشت گردی کی کوششوں، تربیتی پروگراموں اور دوروں کے تبادلے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے2026 میں اسلام آباد میں دوطرفہ سیاسی مشاورت کا ساتواں اجلاس منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔