وفاقی وزیراطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا ایتھوپیا کے سفارت خانہ کا دورہ، ایتھوپیا کے سبکدوش ہونے والے سفیر ڈاکٹر جمال بیکر عبداللہ سے الوداعی ملاقات

جمعہ 10 اکتوبر 2025 18:41

وفاقی وزیراطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا ایتھوپیا کے سفارت خانہ کا دورہ، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اکتوبر2025ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے جمعہ کو یہاں ایتھوپیا کے سفارت خانہ کا دورہ کیا اور پاکستان میں تعینات ایتھوپیا کے سبکدوش ہونے والے سفیر ڈاکٹر جمال بیکر عبداللہ سے الوداعی ملاقات کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مضبوط اور نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لئے ڈاکٹر جمال بیکر کے شاندار کردار اور سفارتی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر جمال نے پاکستان اور ایتھوپیا کے عوام کے درمیان دوستی کے رشتوں کو مزید مستحکم کیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے ایتھوپیا کے وزیراعظم ڈاکٹر ابی احمد کی قیادت میں ایتھوپیا میں ہونے والی ترقی و تبدیلی کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر جمال بیکر پاکستان کے ایک سچے دوست ہیں جنہوں نے دونوں ممالک کے درمیان قربت اور دوستی کے پل تعمیر کئے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) ایتھوپیا کے سفیر کی سفارتی خدمات پر ایک خصوصی دستاویزی پروگرام تیار کرے گا جو دونوں ممالک کے مابین تعلقات کے فروغ کے لئے انجام دی گئی شاندار خدمات کے اعتراف میں نشر کیا جائے گا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایتھوپیا کے سفیر نے کہا کہ ایتھوپیا پاکستان کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے جو بین الاقوامی سطح پر ایک موثر کردار ادا کر رہا ہے۔ ڈاکٹر جمال بیکر نے اپنے دور سفارت کے دوران دوطرفہ اور کثیر الجہتی تعاون کو فروغ دینے میں حکومت پاکستان اور عوام کی بھرپور حمایت پر اظہار تشکر کیا اور کہا کہ دونوں ممالک نے امن و سلامتی، ماحولیاتی استحکام، ہوا بازی، تجارت، سرمایہ کاری اور سیاحت و ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں قریبی تعاون کو فروغ دیا۔

انہوں نے کہا کہ روابط، معاشی سفارت کاری اور ماحولیاتی استحکام کے شعبوں میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید گہرا کرنے پر ہمیں فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا کی ایئر لائنز پاکستان کی ”لک افریقہ“ اور ”انگیج افریقہ“ پالیسیوں کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے جس کے تحت آئندہ ہفتے ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا میں پانچویں پاکستان -افریقہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ کانفرنس اور سنگل کنٹری ایگزیبیشن منعقد ہو رہی ہے۔