سیالکوٹ میں تعمیر کیا جانے والا ڈسپوزل سٹیشن ناصر ٹاؤن 15 اکتوبر سے باقاعدہ طور پر کام شروع کر دے گا،سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب

جمعرات 21 اگست 2025 20:00

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب میاں شکیل احمد نے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں تعمیر کیا جانے والا ڈسپوزل سٹیشن ناصر ٹاؤن 15 اکتوبر سے باقاعدہ طور پر کام شروع کر دے گا، جس کے بعد ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کپور والی اور واٹر سپلائی کی تمام سکیمز 30 دسمبر تک مکمل کر کے سینی ٹیشن اور واٹر سپلائی کے تمام پراجیکٹ واسا سیالکوٹ کے سپرد کر دیئے جائیں گے۔

یہ بات انہوں نے جمعرات کو پیسپ کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کی انسپکشنز کے بعد ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی، پروگرام ڈائریکٹر پیسپ عمر جاوید، چیف انجینئر پیسپ شیخ طاہر، ایم ڈی واسا ابوبکر عمران، سٹی منیجر علی خان اور ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ رانا ابرار بھی شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے واسا حکام کو ہدایت کی کہ سیوریج پراجیکٹ کے تحت بچھائی جانے والی نئی لائنوں کو چالو کرنے سے قبل پرانے نالوں اور لائنوں کی ڈی سلٹنگ کی جائے تاکہ نکاسی آب کے نظام میں رکاوٹ نہ ہو اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔بعد ازاں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ میاں شکیل احمد نے سیالکوٹ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے آفس کا دورہ کیا اور ستھرا پراجیکٹ کے تحت متعارف کرائے گئے آؤٹ سورس ماڈل کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ جدید ویسٹ مینجمنٹ ماڈل سے شہریوں کو صفائی ستھرائی کے بہتر معیار کی فراہمی ممکن ہوگی۔

متعلقہ عنوان :