ڈی آئی خان ،پولیس مقابلے کے بعد تین ملزمان زخمی حالت میں گرفتار، اسلحہ برآمد

جمعرات 21 اگست 2025 20:30

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2025ء)تھانہ کینٹ کی حدود میں گیلانی ٹائون میں نامعلوم مسلح موٹرسائیکل سواروں کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے فوری کارروائی کی ، اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی سٹی سرکل حافظ محمد عدنان پولیس ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچے تو مسلح موٹرسائیکل سواروں نے پولیس موبائل دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی۔

پولیس نے جوابی فائرنگ کرتے ہوئے تین ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان سے اسلحہ، ایمونیشن اور موبائل فونز بھی برآمد کر لیے گئے۔ ایس پی سٹی علی حمزہ بٹ کے مطابق ملزمان ڈکیتی کی غرض سے علاقے میں موجود تھے۔ڈی پی او ڈیرہ سجاد احمد صاحبزادہ نے فوری اور بہترین کارروائی پر ڈی ایس پی سٹی حافظ محمد عدنان اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ گرفتار ملزمان ایک بڑے ڈکیت گروہ کا حصہ ہیں جو ڈیرہ پولیس کو اہم مقدمات میں مطلوب تھے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق ملزمان تھانہ کینٹ میں درج 28 جولائی 2025 کے قتل، ڈکیتی، اقدام قتل اور دیگر سنگین دفعات کے اہم ترین مقدمہ میں بھی مطلوب تھے۔یاد رہے کہ اس مقدمے میں تھانہ کینٹ کی حدود لغاری گیٹ کے سامنے خادم گھی ایجنسی کے ڈیلر اور کینٹ مصالحتی کمیٹی کے رکن رانا محمد اسلم کی دکان پر نامعلوم مسلح ملزمان ڈکیتی کی نیت سے آئے تھے۔ مزاحمت پر ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں رانا محمد اسلم ولد فیض محمد سکنہ نیو بنوں چونگی، منشی ملک محمد جاوید ولد ملک سرفراز سکنہ تھہیم آباد، 42 سالہ اکرام اللہ ولد غلام محی الدین بھٹی سکنہ اسلامیہ کالونی سمیت 4 افراد شدید زخمی ہوئے تھے۔

بعد ازاں رانا محمد اسلم اور منشی ملک محمد جاوید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے تھے جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہوگئے تھے۔اس افسوسناک واقعے کے خلاف مرکزی انجمن تاجران، مرکزی تاجر اتحاد اور تاجر ایکشن کمیٹی نے سخت احتجاج کرتے ہوئے دکانیں بند کر دی تھیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ڈکیت اسی گروہ سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کی گرفتاری سے متعدد اہم کیسز میں پیش رفت ہوگی۔گرفتار ڈکیت کا تعلق جیکب آباد سندھ سے ہے۔