ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے جنگلات کا فروغ اور تحفظ ناگزیرہے ،چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ

جمعرات 21 اگست 2025 21:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2025ء) چیف جسٹس عدالت عالیہ بلوچستان جسٹس روزی خان بڑیچ نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے جنگلات کا فروغ اور تحفظ ناگزیر ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوہ مہردار میں پودا لگا کر محکمہ جنگلات و جنگلی حیات کے زیر اہتمام مون سون شجرکاری مہم برائے سال 2025 کے افتتاح کے موقع پر کیا۔

اس موقع پر عدالت عالیہ بلوچستان کے جسٹس اقبال احمد کاسی، جسٹس محمد عامر نواز رانا ، رجسٹرار عدالت عالیہ بلوچستان عبدالقیوم لہڑی، سیکرٹری محکمہ جنگلات و جنگلی حیات عبدالفتح بھنگر، ڈائریکٹر جنرل محکمہ جنگلات و جنگلی حیات نیاز کاکڑ و دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔چیف جسٹس عدالت عالیہ بلوچستان روزی خان بڑیچ نے کہا کہ اپنی آنے والی نسلوں کو ایک صاف ستھرا ماحول دینے کے لئے سب کو شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر کردار ادا کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے محکمہ جنگلات اور جنگلی حیات کے اعلی احکام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شہر کے دیگر علاقوں میں لگائے گئے درختوں کی دیکھ بھال اور ان کی آبیاری پر بھی توجہ مرکوز کریں۔ اس موقع پر سیکرٹری محکمہ جنگلات و جنگلی حیات عبدالفتح بھنگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے و یژن کے تحت محکمہ جنگلات و جنگلی حیات صوبے میں جنگلات و جنگلی حیات کے تحفظ اور فروغ کے لئے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات اْٹھا رہی ہے، اس سلسلہ میں مون سون شجرکاری مہم انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر مشترکہ کوششوں سے کلین اور گرین بلوچستان کے خواب کو حقیقت میں بدل سکتے ہیں، انہوں نے عوام سے اپیل ہے کہ وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اسے کامیاب بنائیں۔