جماعت اسلامی کا 84واں یوم تاسیس منگل کو منایا جائے گا

جماعت اسلامی اقامت دین کی عالمگیر تحریک ہے یہ ملک کی واحد دینی وسیاسی جماعت ہے جوکہ موروثی سیاست سے پاک ہے،کاشف سعید شیخ

جمعرات 21 اگست 2025 23:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2025ء) جماعت اسلامی سندھ کے تحت 26اگست کو ملک بھر کی طرح سندھ میں بھی جماعت اسلامی کا84واں یوم تاسیس بھرپورجوش وجذبے کے ساتھ منایا جائے گا،صوبائی ترجمان مجاہد چنا کے مطابق اس سلسلے میںکراچی،حیدرآباد،شکارپور،دادو،بدین،جیکب آباد،سکھر،خیرپور، سمیت سندھ میں جماعت اسلامی کے تحت سیمینار مذاکرے اورجلسے منعقد کئے جائیں گے،جن سے جماعت اسلامی کے مرکزی،صوبائی اورمقامی قائدین کے علاوہ مختلف سیاسی وسماجی رہنما اوردانشور جماعت اسلامی کی دینی وسیاسی اورسماجی جدوجہدپراظہار خیال کریں گے۔

اس حوالے سے مرکزی سیکرٹری جنرل امیرالعظیم دادو،ٹھٹھہ، مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ جیکب آباد ،شکارپور، مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ممتازحسین سہتوخیرپورمیرس،راشدنسیم حیدرآباد، امیرصوبہ کاشف سعید شیخ بدین تھرپارکر، اورجنرل سیکرٹری محمد یوسف مدئجی میں یوم تاسیس کے اجتماعات سے خطاب کریں گے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 26اگست 1941ء کومفکر اسلام سید ابولاعلیٰ مودودی ؒ کی سربراہی میں 75افراد نے لاہور میں جماعت اسلامی کی بنیاد رکھی تھی آج دنیا بھرمیں ان کی شاخیں قائم ہیں۔

جماعت اسلامی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہ ملک کی واحد دینی وسیاسی جماعت ہے جوحقیقی معنیٰ میں ایک جمہوری اورموروثیت خاندان سے پاک جماعت ہے جہاں مقام سے لیکر مرکزی امیرتک باقاعدہ انتخابات ہوتے ہیں۔جماعت اسلامی کے پہلے امیرخود سید مودودی منتخب ہوئے جبکہ دوسرے میاں طفیل محمد،تیسرے قاضی حسین احمد،چوتھے سیدمنورحسن،پانچویں سراج الحق اورچھٹے حافظ نعیم الرحمان امیر منتخب کئے گئے ہیں۔

جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اقامت دین کی عالمگیر تحریک ہے یہ ملک کی واحد دینی وسیاسی جماعت ہے جوکہ موروثی سیاست سے پاک ہے،جس میں احتساب سے لیکرتمام فیصلے فردواحد کی بجائے منتخب فورم مجلس شوریٰ کرتی ہے،انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی اہل اوردیانتدار قیادت ہی ملک کے تمام مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔