این ڈی ایم اے کی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب کو دریائے ستلج کے کنارے سے آبادیوں کے انحلا کی ہدایت

جمعہ 22 اگست 2025 00:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب کو دریائے ستلج کے کنارے سے آبادیوں کے انحلا کی ہدایت کر دی، تمام متعلقہ اداروں اور ایمرجنسی سروسز کو الرٹ کر دیا گیا۔جمعرات کو این ڈی ایم اے کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق دریائے ستلج پرہریکے سے بہاؤ رات دس بجے 1 لاکھ 11ہزار461 کیوسک تک بڑھ گیا ۔

بہاؤ گنڈا سنگھ والا میں 100,000 سے 110,000 کیوسک تک ہو سکتا ہے جبکہ ہیڈ سلیمانکی میں بہاؤ تقریباً 80,000 کیوسک تک پہنچنے کا امکان ہے، مون سون کا آٹھواں سلسلہ دریائے ستلج کے بالائی کیچمنٹ ایریاز میں تیز بارشوں کا باعث بنے گا۔

(جاری ہے)

23 اگست سے گنڈا سنگھ والا میں بہاو 1لاکھ 20ہزار کیوسک تک بڑھ سکتا ہے۔ این ڈی ایم اے نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب کو دریائے ستلج کے کنارے سے آبادیوں کے انحلا کی ہدایت کر دی۔ تمام متعلقہ اداروں اور ایمرجنسی سروسز کو الرٹ کر دیا گیا،متعلقہ آبادیاں مقامی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ ممکنہ انخلا کے ہدایات کے بارے میں باخبر رہیں اور تیار رہیں۔ مویشیوں کی حفاظت کریں اور زرعی اثاثوں کو مناسب احتیاطی تدابیر کے ذریعے محفوظ بنائیں۔

متعلقہ عنوان :