قصور، دریائے ستلج میں درمیانے درجے کا سیلاب، متعدد دیہات زیر آب

متعدد مقامات پر حفاظتی بند ٹوٹ چکے ،مقامی آبادی کو شدید خطرات لاحق

جمعہ 22 اگست 2025 12:57

قصور، دریائے ستلج میں درمیانے درجے کا سیلاب، متعدد دیہات زیر آب
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء)بھارتی آبی جارحیت کے نتیجے میں دریائے ستلج میں پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ، جس کے باعث قصور کے کئی دیہات متاثر ہو چکے ہیں اور حفاظتی بند ٹوٹنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق ہیڈ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر دریائے ستلج میں پانی کی سطح 20.20فٹ تک پہنچ گئی جبکہ پانی کا بہائو ایک لاکھ 1ہزار 395کیوسک تک ریکارڈ کیا گیا ۔

پانی کی اس غیر معمولی سطح نے علاقے میں تباہی مچا دی ہے، سینکڑوں ایکڑ زرعی اراضی پانی کی لپیٹ میں آ چکی اور خطرات مزید بڑھ گئے ہیں، متعدد مقامات پر حفاظتی بند ٹوٹ چکے ہیں، جس کے نتیجے میں مقامی آبادی کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ضلعی انتظامیہ نے فوری طور پر دریا کے کنارے آباد تمام علاقوں کو خالی کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے اور انخلاء کے عمل کو تیز کرنے کیلئے پولیس کی مدد طلب کر لی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر عمران علی کا کہنا ہے کہ تمام شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونا چاہئے، پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے، ہر فرد کو انخلاء کے عمل میں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ماضی میں بھارت دریائے ستلج میں پانی چھوڑنے سے متعلق کم از کم 18گھنٹے پہلے اطلاع دیتا تھا، مگر اس سال تاحال کوئی اطلاع یا رابطہ نہیں کیا گیا۔انتظامیہ نے مقامی لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں اور ضلعی حکومت سے تعاون کریں تاکہ کسی بڑے نقصان سے بچا جا سکے۔