مفاد عامہ کیلئے شروع کی گئی سکیموں کی تکمیل اولین ترجیح ہے،بابر علاؤالدین

جمعہ 22 اگست 2025 13:50

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن، سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائر یکٹوریٹ بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) بابر علاؤالدین نے ڈپٹی کمشنرقصور عمران علی کے ہمراہ کوٹ رادھاکشن کا دورہ کرکے اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر پتوکی، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ، محکمہ تعلیم، ہیلتھ، ایل ڈبلیو ایم سی، میونسپل کمیٹی ودیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ضلع بھر میں جاری اور نئی ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) بابر علاؤالدین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ضلع میں جاری تمام پراجیکٹس کی مقررہ وقت میں تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ مفاد عامہ کیلئے شروع کی گئی سکیموں کی تکمیل اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

علاقائی منصوبے عوام کی خدمت اور انکی مشکلات دور کرنے کیلئے انتہائی اہم ہیں۔

متعلقہ ادارے ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبہ جات کے تعمیراتی کام کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کریں۔ انہوں نے متعلقہ محکمہ جات کو ہدایت کی کہ ترقیاتی سکیموں میں بہترین کوالٹی کا میٹریل استعمال کیا جائے اور جلد از جلد زیر تعمیر ترقیاتی سکیموں کے تعمیراتی کام کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن، سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائر یکٹوریٹ بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) بابر علاؤالدین نے اسسٹنٹ کمشنر پتوکی آفس میں پودا لگاکر شجرکاری مہم کا آغاز کرکے نئے بننے والے اسسٹنٹ کمشنر کوٹ رادھاکشن کمپلیکس کا بھی دورہ کیا جہاں پر زیرتعمیربلڈنگ اور اُس میں استعمال ہونے والے میٹریل کا جائزہ لیا۔

علاوہ ازیں بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) بابر علاؤالدین نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پتوکی کا بھی دورہ کیا جہاں پر انہوں نے اسٹاف کی حاضری، صفائی ستھرائی، اور ادویات کی دستیابی کو چیک کیا۔ مریضوں اور لواحقین سے ملاقات کر کے ان کی خیریت دریافت کی اور فراہم کردہ سہولیات کے بارے میں استفسار کیا۔ انہو ں نے ہسپتال میں لیبارٹری، ایمرجنسی، آؤٹ ڈور سمیت دیگر حصوں کا معائنہ اور ادویات کے سٹاک کو چیک کیا۔ اس موقع پر بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) بابر علاؤالدین کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی شہریوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے جس کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔\378