شہدا کے بچوں کو کھیلوں کے مساوی مواقع فراہم کئے جائیں گے، وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان

جمعہ 22 اگست 2025 15:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں شہدا کے بچوں کو کھیلوں کے مساوی مواقع فراہم کئے جائیں گے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر نہ صرف صوبے بلکہ ملک کا نام روشن کر سکیں۔یہ بات انہوں نے شہدا فارم کے اراکین سے ملاقات کے دوران کہی۔

اس موقع پر مینا مجید بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں کھیلوں کے میدان تیزی سے آباد ہو رہے ہیں اور حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ ان میدانوں میں معاشرے کے ہر طبقے کے نوجوانوں کو شامل کیا جائے، خصوصاً ان بچوں اور بچیوں کو جن کے والدین نے وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے ہر کھیل میں شہدا کے نام سے ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی تاکہ یہ ٹیمیں شہدا کے مشن کو زندہ رکھ سکیں اور نئی نسل کو یہ پیغام دیں کہ قربانی دینے والوں کے اہل خانہ تنہا نہیں ہیں بلکہ پورا صوبہ اور حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو محض کھیلوں تک محدود رکھنے کی بجائے ان کے لیے فنی اور جدید ہنر سیکھنے کے مواقع فراہم کرنا بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ اس مقصد کے لئے محکمہ امورِ نوجوانان بلوچستان کے نوجوانوں کو فری لانسنگ اور جدید ٹیکنالوجی کی تربیت دے گا تاکہ وہ گھروں میں بیٹھے روزگار حاصل کر سکیں اور معاشی طور پر خود مختار ہو ں۔

مشیر کھیل نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ شہدا کے بچوں کو خصوصی سکالرشپس دیئے جائیں گے، تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں گی اور ساتھ ساتھ ان کے لئے روزگار کے مواقع بھی پیدا کیے جائیں گے تاکہ وہ بہتر مستقبل کی طرف بڑھ سکیں۔انہوں نے کہا کہ کھیل کے میدان صرف تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ امن، بھائی چارے اور ترقی کی علامت ہیں۔ بلوچستان کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ انہیں مواقع دیئے جائیں اور حکومت اس سلسلے میں اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔