محکمہ زراعت توسیع مظفر گڑھ کی کارروائی، ملزم گرفتار، 16 لاکھ روپے مالیت کی جعلی کھادیں برآمد

جمعہ 22 اگست 2025 18:05

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) محکمہ زراعت توسیع مظفر گڑھ نے ڈویژنل ڈائریکٹر مہر عابد حسین کی زیر نگرانی شاہ جمال میں جعلی کھاد تیار اور فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا ۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت توسیع مظفر گڑھ کی ٹیم نے ملزم محمد رشید کو گرفتار کرکے جعلی کھاد اور سامان جس میں 5 بوریاں ایس او پی، 3 بوریاں ڈی اے پی ,40 بوریاں خام مال، 450 جعلی کیو آر کوڈ سٹیکرز، 150 خالی بوریاں اور ایک وزن کرنے والی مشین کو بطور مال مقدمہ پولیس کے حوالے کر دیا ، جس کی مالیت تقریباً 16 لاکھ 75 ہزار روپے بنتی ہے تحقیقات میں کھاد کمپنیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے جبکہ ملزمان کا موبائل ریکارڈ چیک کر کے دیگر ڈیلرز سے روابط کا پتہ چلایا جا رہا ہے تاکہ مزید کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

مزید قانونی کارروائی کے لئے موقع سے حاصل شدہ نمونے لیبارٹری تجزیہ کے لئے بھجوادیئے گئے جبکہ فرٹیلائزر کنٹرولر کی مدعیت میں تھانہ شاہ جمال میں استغاثہ دائر کر دیا گیا ہے۔سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی ہدایات کے مطابق جعلی زرعی مداخل کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی اور کاشتکاروں کے مفادات کے تحفظ کے لئے کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی۔