یاسر سلطان نے ایشین تھروئنگ چیمپئن شپ میں کانسی کا تمغہ جیت لیا

جمعہ 22 اگست 2025 20:01

موکپو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے جیولن تھروئر یاسر سلطان نے قوم کے لیے ایک اور خوشی کا لمحہ پیدا کیا ہے۔ انہوں نے ایشین تھروئنگ چیمپئن شپ 2025 کے مردوں کے جیولن تھرو فائنل میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔یاسر سلطان نے زبردست مقابلے میں حصہ لیتے ہوئے اپنی سیزن کی بہترین تھرو (77.43 میٹر) کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔

مقابلے میں سری لنکا کے پاتھیراج نے 82.05 میٹر کی شاندار تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا جبکہ جاپان کے ناگانوما نے 78.60 میٹر کی تھرو کے ساتھ سلور میڈل اپنے نام کیا۔ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں چین کے زو نے 76.32 میٹر کے ساتھ چوتھی پوزیشن حاصل کی، جاپان کے ایواو 75.63 میٹر کے ساتھ پانچویں، قازقستان کے گافنر 75.62 میٹر کی ذاتی بہترین کارکردگی کے ساتھ چھٹی، جاپان کے اوگورا 74.39 میٹر کے ساتھ ساتویں جبکہ چین کے وانگ 73.49 میٹر کے ساتھ آٹھویں نمبر پر رہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین ساؤتھ ایشین ایتھلیٹکس فیڈریشن/وائس پریذیڈنٹ ایشین ایتھلیٹکس میجر جنرل (ر) محمد اکرم ساہی نے اس کامیابی کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان اب دو ایسے جیولن تھروئرز کا مالک ہے جو عالمی مقابلوں میں ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کو پاکستان سپورٹس بورڈ کے ساتھ مل کر یاسر سلطان جیسے باصلاحیت کھلاڑیوں کے لیے غیر ملکی تربیت کے مواقع فراہم کرنے چاہئیں۔پاکستان کی ایتھلیٹکس برادری اس کامیابی پر خوش ہے اور پوری قوم کو اس خوشی میں شریک کرتی ہے۔\932