محکمہ اربن پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی سکیمیں دیگر محکموں کے مقابلے میں بہتر انداز میں مکمل ہوئیں،سٹینڈنگ کمیٹی حکام کی چیئرمین ڈاکٹر اشوک کمار کو بریفنگ

جمعہ 22 اگست 2025 22:47

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء)بلوچستان صوبائی اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے اربن پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈپارٹمنٹ کا اجلاس کمیٹی روم میں چیئرمین کمیٹی ڈاکٹر اشوک کمار کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں اراکین کمیٹی عبدالمجید بادینی، کلثوم نیاز بلوچ اور اسفند یار کاکڑ کے علاوہ اسپیشل سیکریٹری اسمبلی عبدالرحمٰن کاکڑ، سیکریٹری اربن پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور ڈائریکٹر کیو ڈی اے نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کے دوران محکمہ اربن پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے فرائض، کارکردگی، درپیش مسائل اور چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں اس امر پر تشویش کا اظہار کیا گیا کہ محکمہ کے صرف دو دفاتر اپنی ملکیت میں ہیں جبکہ باقی دفاتر کرایہ کی عمارتوں میں قائم ہیں دیگر مسائل میں محکموں کے ساتھ اختیارات کی اوورلیپنگ، ڈویژنل سطح تک محدود ڈھانچہ، بجٹ اور عملے کی کمی، لاجسٹک سہولیات کی عدم دستیابی اور بلوچستان ہاؤسنگ اتھارٹی کا تاحال فعال نہ ہونا شامل ہیں۔

(جاری ہے)

رکن کمیٹی کلثوم نیاز بلوچ نے کہا کہ محکمہ اربن پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی اسکیمیں دیگر محکموں کے مقابلے میں بہتر انداز میں مکمل ہوئی ہیں۔ اس موقع پر چیئرمین کمیٹی ڈاکٹر اشوک کمار نے یقین دہانی کرائی کہ کمیٹی محکمہ کی بھرپور معاونت کرے گی اور اسمبلی کے فلور پر بھی اس کے مسائل کو اجاگر کیا جائے گا۔اجلاس کے دوسرے حصے میں کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (QDA) کے امور پر بریفنگ دی گئی۔

کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ یہ ادارہ 1978 کے آرڈیننس کے تحت قائم کیا گیا تھا جس کا مقصد کوئٹہ شہر کی ترقی، عوامی سہولیات، سڑکوں کی تعمیر و توسیع، پانی و نکاسی کے منصوبوں اور دیگر تعمیراتی سرگرمیوں کو یقینی بنانا ہے۔ادارے کو درپیش مسائل میں تجاوزات، غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں کی بھرمار، قانونی پیچیدگیاں، مشینری و آلات اور ماہر عملے کی کمی کے ساتھ ساتھ شدید مالی بحران شامل ہیں۔

کمیٹی کو مزید آگاہ کیا گیا کہ متعدد معاملات نیب، ایف آئی اے اور انسداد بدعنوانی کے اداروں میں بھی زیر التوا ہیں۔کمیٹی نے مستقبل کے لائحہ عمل کے طور پر متعلقہ قوانین میں ترامیم، ماسٹر پلان کی تیاری و نفاذ، انسداد تجاوزات سیل کو فعال کرنے، نئی ہاؤسنگ اور کمرشل اسکیموں کے اجراء اور غیر قانونی اسکیموں کے خلاف سخت کارروائی پر زور دیا۔کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر اشوک کمار نے کہا کہ اسٹینڈنگ کمیٹی محکمہ اربن پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کو مضبوط بنانے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی اور اس کے مسائل کے حل کے لئے اسمبلی کے فلور پر بھرپور آواز اٹھائی جائے گی۔