Live Updates

چینی مزید مہنگی ہو گئی

کریک ڈاون کرنے کے دعوے کرنے والی حکومت چینی کی قیمت کو کم کروانے میں مکمل طور پر ناکام ہو گئی

muhammad ali محمد علی جمعہ 22 اگست 2025 22:54

چینی مزید مہنگی ہو گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اگست2025ء) چینی مزید مہنگی ہو گئی، کریک ڈاون کرنے کے دعوے کرنے والی حکومت چینی کی قیمت کو کم کروانے میں مکمل طور پر ناکام ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کے دعوؤں کے برعکس ملک بھر میں چینی اب بھی مقررہ قیمت سے زیادہ نرخوں پر فروخت ہو رہی ہے۔ خود حکومتی ادارے نے چینی مہنگی ہو جانے کی تصدیق کرتے ہوئے حکومتی دعووں کی قلعی کھول دی۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق چینی کی فی کلو زیادہ سے زیادہ قومی اوسط قیمت 195 روپے ریکارڈ کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق کراچی میں چینی کی فی کلو قیمت 195 روپے رہی، جبکہ اسلام آباد، راولپنڈی، بہاولپور، پشاور اور خضدار میں یہ 190 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔ ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق گجرانوالہ، سیالکوٹ، بنوں، حیدرآباد اور لاڑکانہ میں چینی 185 روپے فی کلو جبکہ کوئٹہ میں 186 روپے اور ملتان میں 180 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

حکومت نے ملک بھر میں چینی کی فی کلو 175 روپے میں دستیابی کا دعویٰ کیا تھا تاہم مارکیٹ میں عملی طور پر یہ قیمت برقرار نہ رہ سکی۔ دوسری جانب مہنگی چینی کے بعد اب عوام کیلئے مہنگے آٹے کا تحفہ، یکدم آٹے کی قیمت میں 10 فیصد کا بڑا اضافہ ہو گیا، 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہو گیا۔ ایک ہفتے کے دوران آٹے کی قیمت میں بڑا اضافہ ہو گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ادارہ شماریات نے انکشاف کیا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران آٹے کے تھیلے کی قیمت میں بڑا اضافہ ہوا۔ 10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 70روپے جبکہ 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 140روپے تک اضافہ ہو گیا۔ دوسری جانب 18 اشیاء مزید مہنگی ہو جانے کے باوجود ادارہ شماریات کا مہنگائی کم ہو جانے کا دعوٰی، رواں ہفتے کے دوران آٹا، چینی، پیاز، ٹماٹر، لہسن، ایل پی جی، چاول، دودھ سمیت متعدد اشیاء مزید مہنگی ہونے سے مہنگائی کی ہفتہ وار شرح 2 عشاریہ 30 فیصد رہی ۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات