فیک نیوز اور مس انفارمیشن کی حوصلہ شکنی کے لیے ذمہ دار میڈیا کا کردار نہایت اہم ہے،موجودہ دور سوشل میڈیا کا ہے ،سیکرٹری اطلاعات عدنان خورشید

جمعہ 22 اگست 2025 23:04

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) سیکرٹری اطلاعات حکومت آزاد کشمیر سردار عدنان خورشید نے کہا ہے کہ فیک نیوز اور مس انفارمیشن کی حوصلہ شکنی کے لیے ذمہ دار میڈیا کا کردار نہایت اہم ہے،موجودہ دور سوشل میڈیا کا ہے جہاں معلومات چند سیکنڈز میں پھیل جاتی ہیں، ایسے میں صحافت کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں۔ موبائل فون رکھنے والا ہر شخص بظاہر خبر نشر کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے لیکن اصل اور مستند خبر صرف وہی ہے جو ایک صحافی تحقیق، تصدیق اور توازن کے ساتھ عوام تک پہنچاتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار سیکرٹری اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر سردار عدنان خورشید نے آزاد کشمیر ڈیجیٹل میڈیا جرنلسٹ فورم کے مرکزی آفس کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چئیرمین اے کے ڈی ایم جے ایف سردار رضا،صدر فدا حسین ،سنئیر نائب نسرین شیخ ،نائب صدر نسیم مغل،جنرل سیکرٹری سردار عدنان ،ایڈیشنل سیکرٹری شبیر شاہ،سیکرٹری اطلاعات چوہدری امتیاز،ہارون قریشی ،راجہ شاہد لطیف اور دیگر موجود تھے۔

اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات سردار عدنان خورشید نے آزاد کشمیر ڈیجیٹل میڈیا جرنلسٹ فورم کے قیام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر جھوٹی یا نامکمل خبر زیادہ تیزی سے پھیلتی ہے جس سے معاشرے میں انتشار پیدا ہوتا ہے، اس لئے ذمہ دار صحافیوں کو چاہیے کہ وہ مثبت اور ذمہ دارانہ صحافت کے ذریعے عوام کو سچائی فراہم کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت آزاد کشمیر صحافت کو مضبوط بنانے اور ڈیجیٹل میڈیا کے لئے مربوط پالیسی تشکیل دینے پر کام کر رہی ہے ،تاکہ عوام تک مستند معلومات پہنچانے سمیت فیک خبروں کا تدارک ہو سکے اور عوام کی آواز میڈیا کے ذریعے اعلی حکام تک پہنچ سکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا پر کام کرنے والے صحافیوں کی مشاورت سے ڈیجیٹل پالیسی بنائیں گے۔