چیئرمین فیڈمک نے پہلا پودا لگاکر فیڈمک کے چوبیس ایکڑ پر محیط جنگل میں شجرکاری کا آغاز کردیا

جمعہ 22 اگست 2025 23:06

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق فیڈمک میں شجرکاری مہم جاری۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ''درخت لگائیں، زندگی بچائیں '' کے تحت چیئرمین فیڈمک رانا اظہر وقار نے پہلا پودا لگاکر فیڈمک کے چوبیس ایکڑ پر محیط جنگل میں شجرکاری کا آغاز کردیا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرڈویژنل آفسیر جنگلات انصر رسول کے علاوہ فیڈمک سی ای او میاں جمیل اور فیڈمک کے سینئر سٹاف ممبران نے بڑی تعداد میں شجر کاری مہم میں حصہ لے کر ماحولیاتی تحفظ کے لئے اپنے عزم کا اظہار کیا۔

محکمہ جنگلات پنجاب کی جانب سے فیڈمک انتظامیہ کو ماحول دوست جنگل کی تیاری کے لئے دو ہزار مختلف اقسام کے پودے مہیا کئے گئے ہیں۔چیئرمین فیڈمک رانا اظہر وقار نے اس موقع پر کہا کہ صنعتی ترقی کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی تحفظ کے لئے اقدامات بھی ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فیڈمک کی حدود میں شجر کاری کو وسیع پیمانے پر فروغ دیا جائے گا،فیڈمک انتظامیہ کی جانب سے ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے مسلسل اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس شجرکاری مہم سے ادارے کے جنگل کو مزید وسعت دینے میں مدد ملے گی۔