کمشنر فیصل آباد مریم خان نے کھلی کچہریوں کا دوبارہ آغاز کردیا

جمعہ 22 اگست 2025 23:07

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اگست2025ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوامی مسائل کے حل کیلئے ڈویژنل انتظامیہ بھرپور انداز میں سرگرم عمل ہے۔ اس سلسلے میں کمشنر فیصل آباد مریم خان نے کھلی کچہریوں کا دوبارہ آغاز کردیا جہاں وہ شہریوں کے مسائل براہ راست سننے لگیں۔کھلی کچہری میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن عامر رضا سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر کمشنر نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں پر فوری عملدرآمد کیا جائے اور رپورٹ براہ راست پیش کی جائے۔کمشنر مریم خان نے کہا کہ شہریوں کے انفرادی و اجتماعی مسائل کے حل میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی، تمام درخواستیں میرٹ پر فوری نمٹائی جائیں گی ، میرے دفتر کے دروازے عوام کے لئے ہر وقت کھلے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ مقررہ اوقات میں دفاتر میں اپنی حاضری کو یقینی بنائیں تاکہ شہریوں کو بروقت انصاف اور سہولت میسر آسکے۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کی جانب سے ”اوپن ڈور پالیسی“ پر مسلسل عملدرآمد جاری ہے۔ جس کے تحت شہری براہِ راست ڈپٹی کمشنر اور دیگر افسران سے ملاقات کر کے اپنے مسائل بیان کر رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہریوں کے لئے ضلعی انتظامیہ کے دفاتر کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔ عوامی خدمت ہماری اولین ترجیح ہے اور مسائل کے حل میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔شہریوں نے ”اوپن ڈور پالیسی“ کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے عوام اور انتظامیہ کے درمیان رابطہ مضبوط ہوا ہے اور مسائل کے فوری حل میں آسانی پیدا ہوئی ہے۔