Live Updates

بلا امتیاز ہر مظلوم، بے سہارا اور ضرورت مند تک پہنچنا ضروری ہے، میاں مقصود

جمعہ 22 اگست 2025 23:22

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء)الفاء فاؤنڈیشن آف ہیومن رائٹس کے چیئرمین میاں محمد مقصود نے کہا ہے کہ اس وقت ملک جن معاشرتی، معاشی اور قدرتی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، ان حالات میں تمام انسان دوست طبقات، اداروں اور شخصیات کو آگے بڑھ کر کردار ادا کرنا ہوگا، کیونکہ انسانی حقوق کا تحفظ، مظلوموں کی داد رسی، اور مصیبت زدہ عوام کی مدد صرف ایک نعرہ نہیں بلکہ ایک عملی جدوجہد کا تقاضا کرتا ہے، سیلاب، بارش، مہنگائی اور دیگر بحرانوں نے عوام کو شدید مشکلات میں ڈال دیا ہے اور ایسے میں خاموش تماشائی بنے رہنا انسانیت کے اصولوں کے خلاف ہے۔

یہ باتیں انہوں نے شہر کے چار مختلف مقامات پر سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے قائم امدادی کیمپوں کے قیام کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہیں۔

(جاری ہے)

میاں محمد مقصود نے کہا کہ الفاء فاؤنڈیشن آف ہیومن رائٹس ہمیشہ سے انسانوں کے بنیادی حقوق، فلاح و بہبود اور عزتِ نفس کی بحالی کے لیے سرگرمِ عمل ہے اور موجودہ حالات میں بھی ہم اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لاتے ہوئے متاثرہ افراد کی مدد، بحالی، راشن کی تقسیم، طبی امداد اور قانونی معاونت فراہم کریں گے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حقوقِ انسانی کا اصل مفہوم اسی وقت پورا ہو سکتا ہے جب ہم رنگ، نسل، مذہب اور زبان کے امتیاز کے بغیر ہر مظلوم، بے سہارا اور ضرورت مند تک پہنچیں اور اسے یقین دلائیں کہ وہ تنہا نہیں۔ انہوں نے سول سوسائٹی، تعلیمی اداروں، دینی حلقوں اور میڈیا سے اپیل کی کہ وہ انسانی حقوق کی جدوجہد کو صرف تقریروں اور بیانات سے نکال کر عملی میدان میں لائیں، کیونکہ ایک باوقار، منصفانہ اور پرامن معاشرہ تب ہی تشکیل پاتا ہے جب ہر شخص کو جینے، بولنے، سچ کہنے اور انصاف پانے کا حق حاصل ہو۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات