چین کی جانب سے زرعی شعبہ میں تربیت کی فراہمی خوش آئند ہے، رانا تنویر حسین

کم مدت کی پالیسی سازی سے زرعی شعبہ بہترین نتائج فراہم کر سکتا ہے، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق

جمعہ 22 اگست 2025 20:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2025ء)وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے تحت زرعی شعبہ کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے، تربیت سے زرعی شعبہ میں جدت آئے گی، چین کی جانب سے زرعی شعبہ میں تربیت کی فراہمی خوش آئند ہے، زرعی شعبہ کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں منعقدہ زرعی شعبہ میں تربیت کیلئے پاکستانی طلبا کو چین بھیجنے کے اگلے مرحلہ میں مزید 300طلبا کو چین بھیجنے کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کا وژن حقیقت میں بدل چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 300زرعی گریجویٹس کا دوسرا بیچ چین روانہ ہو رہا ہے، وزیراعظم کے اقدامات سے یہ سب ممکن ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن میں زراعت پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور زرعی شعبہ اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ رانا تنویر حسین نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے ہمیشہ کہا ہے کہ کم مدت کی پالیسی سازی سے زرعی شعبہ بہترین نتائج فراہم کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھ ماہ کی قلیل مدت میں زراعت کا شعبہ نتائج دینے کا اہل ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دورہ چین کے موقع پر ایک ہزار زرعی گریجویٹس کی چین میں تربیت کیلئے راہ ہموار کی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے طلبا چین میں تربیت حاصل کرکے اپنے علم اور تحقیق میں اضافہ کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اگرچہ یہ ایک مشکل کام تھا لیکن وزیراعظم کی رہنمائی اور معاونت سے یہ ممکن ہوا اور تمام محکمہ جات نے بھرپور تعاون کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام سے ہمارے زراعت کے شعبہ میں نمایاں تبدیلیاں آئیں گی۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ تربیت مکمل کرکے آنے والے زرعی ماہرین اپنے کاشتکاروں کو تربیت دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت ہمیں 5 ہزار درخواستیں وصول ہوئی تھیں، وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی نے شفاف طریقہ سے میرٹ پر سلیکشن کی۔ انہوں نے کہا کہ اب روانہ ہونے والا بیچ لائیو سٹاک بریڈنگ، جنومکس، بیماریوں پر قابو پانے، سیڈ ٹیکنالوجی، ہائی ایفیشینسی ایریگیشن سمیت مختلف شعبوں میں تربیت حاصل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب یہ واپس آئیں گے تو ہم ان کے علم سے استفادہ کریں گے اور تربیت حاصل کرنے والے زرعی گریجویٹس کی جانب سے کاشتکار طبقہ کی ترقی کے اقدامات سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کریں گے۔