کوئٹہ، عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے پولیس اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھارہی ہے،ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ محمد بلوچ

جمعہ 22 اگست 2025 22:00

@کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اگست2025ء) ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ محمد بلوچ نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے پولیس اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھارہی ہے گزشتہ 22 روز میں موثر کارروائیاں کرتے ہوئے 25 مسروقہ موٹر سائیکلیں، 2 گاڑیاں برآمد کرکے اشتہاری، مفرور اور منشیات فروشوں ، موٹر سائیکل چھیننے اور چوری کرنے کی وارداتوں میں ملوث 175 ملزمان کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں منشیات اور شراب کی بوتلیں قبضے میں لیں۔

انہوں نے بتایا کہ یکم اگست سے اب تک کوئٹہ پولیس نے مختلف تھانوں کی حدود میں 43 منشیات کے کیسز درج کرکے 44 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے چرس 47.750 کلو اور آئس 11.732 کلو، شراب کی بوتلیں برآمد کرکے قبضے میں لے لیں اس کے علاوہ غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف 39 کیسز رجسٹرڈ کرکے 39 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ایس ایم جی 6 عدد ، رائفل 6 عدد ، پستول 27 عدد اوررائونڈ 474 برآمد کرلئے اس کے علاوہ موٹر سائیکل چوروں اور چھیننے والوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 24 موٹر سائیکلیں ، 1 گاڑی برآمد کیں۔

(جاری ہے)

اور چوری کے کیسز میں 25 موٹر سائیکلیں اور 2 گاڑیاں برآمد کرکے 25 ملزمان کو گرفتار کیا۔ اس کے علاوہ 11 اشتہاری اور 26 مفرور ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس کی جانب سے جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہوتے ہیں عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جارہاہے اب کوئٹہ شہر جرائم پیشہ عناصر کے لئے محفوظ پناہ گاہ نہیں رہے گا پولیس اپنی ذمہ داری اور فرائض منصبی کو احسن طریقے سے نبھائے گی