لاہور‘ پولیس مقابلے میں خطرناک اشتہاری ملزم ہلاک

پولیس کے مطابق عمران عرف بوڑا سو سے زائد وارداتوں میں مطلوب تھا اور ریکارڈ یافتہ مجرم تھا

ہفتہ 23 اگست 2025 14:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2025ء)لاہور کے علاقے چوہنگ میں سی سی ڈی پولیس اور اشتہاری ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں بدنام زمانہ ملزم عمران عرف بوڑا ہلاک ہوگیا۔پولیس کے مطابق عمران عرف بوڑا سو سے زائد وارداتوں میں مطلوب تھا اور ریکارڈ یافتہ مجرم تھا، جو روڈ رابری، شاپ رابری اور دورانِ ڈکیتی قتل جیسے سنگین جرائم میں ملوث رہا۔

(جاری ہے)

سی سی ڈی پولیس نے خالق آباد میں خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی، جس پر جوابی کارروائی میں عمران عرف بوڑا مارا گیا جبکہ اس کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی درجنوں وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی موجود ہیں اور وہ اکثر وارداتوں کے دوران بھیس بدل کر کارروائیاں کرتا تھا۔فرار ملزمان کی تلاش جاری ہے جبکہ پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔