غزہ میں قحط اسرائیلی غیر انسانی پالیسیوں کا نتیجہ ہے، خلیج تعاون کونسل

خلیجی ممالک فلسطینی عوام کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے اور غزہ پر مسلط محاصرہ فوری طور پر ختم ہونا چاہیے،جاسم البدیوی

ہفتہ 23 اگست 2025 16:56

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2025ء)خلیجی ممالک نے فلسطینی عوام کے ساتھ اپنے بھرپور اور مستقل تعاون کی پالیسی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں بڑھتی ہوئی بھوک اور قحط کی کیفیت قابض اسرائیل کی غیر انسانی روش کا واضح ثبوت ہے۔خلیج تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل جاسم البدیوی نے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ فوری طور پر اسرائیلی افواج پر دبائو ڈالے تاکہ غزہ کی پٹی میں تمام سرحدی گزرگاہیں کھولی جائیں اور انسانی و امدادی سامان بنا کسی شرط کے وہاں پہنچ سکے۔

انہوں نے اس امر کی نشاندہی کی کہ عالمی ادارہ برائے غذائی نگرانی کی جانب سے غزہ میں باضابطہ طور پر قحط کے اعلان اور بھوک کی تباہ کن سطحوں تک پہنچنے کا مطلب یہ ہے کہ اسرائیلی قابض افواج دانستہ طور پر بھوک کو بطور ہتھیار استعمال کر رہی ہیں، جو کہ غیر انسانی اور غیر قانونی عمل ہے۔

(جاری ہے)

جاسم البدیوی نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ خلیجی ممالک فلسطینی عوام کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے اور غزہ پر مسلط محاصرہ فوری طور پر ختم ہونا چاہیے۔

تمام گذرگاہیں کھول کر ضروریات زندگی اور امدادی سامان کا مسلسل اور محفوظ پہنچنا یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی عوام کو بین الاقوامی تحفظ فراہم کرنا ناگزیر ہے، انہیں نشانہ بنانے سے اجتناب کیا جائے اور مکمل طور پر عالمی قوانین، انسانی حقوق کے اصولوں اور متعلقہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :