جموں وکشمیر، ہزاروں ریٹائرڈملازمین جی پی فنڈکی رقم نہ ملنے کے باعث مالی مشکلات سے دوچار

ہفتہ 23 اگست 2025 17:32

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2025ء) بھار ت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں ہزاروں سرکاری ریٹائرڈ ملازمین جی پی فنڈکی رقم نہ ملنے کے باعث مالی مشکلات سے دوچارہیں ۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق 12ہزارسے زائد ریٹائرڈ ملازمین کے جی پی فنڈ کیسز گزشتہ کئی ماہ سے زیر التوا ہیں، یہ معاملہ مقبوضہ علاقے کو درپیش شدید مالی بحران کی نشاندہی کرتا ہے۔

مودی حکومت مقبوضہ علاقے میں زور وشور سے تعمیر و ترقی کے دعوے کر رہی ہے لیکن جی پی فنڈ کا یہ معاملہ اس کے ان دعوئوں کو بے نقاب کر رہا ہے ۔ 12ہزار 62ملازمین کے کیسز زیر التوا ہیں، ان میں سے 7ہزار359 تین ماہ سے کلیئرنس کے منتظر ہیں، بہت سے معاملات انتظامی منظوریوں کے باوجود رکے ہوئے ہیں۔ محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ اس کے پاس فنڈز کی کمی ہے اور زیادہ تر کیسز اسی وجہ سے التوا کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

ادائیگیاں نہ ہونے کی وجہ سے ملازمین سخت مشکلات کا شکار ہیں۔بڈگام کے ایک ریٹائرڈ استاد کا کہنا ہے کہ اس نے اکتوبر میں اپنی بیٹی کی شادی کے لیے چار ماہ قبل جی پی فنڈ نکالنے کے لیے درخواست دی تھی جو انہیں تاحال نہیں ملی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ 25 سال تک میری تنخواہ سے رقم کاٹتا رہا اور اب جب مجھے اپنے پیسوں کی ضرورت ہے، مجھے بتایا جارہا ہے کہ خزانے کے پاس فنڈز نہیں ہیں جو انتہائی افسوسناک ہے۔ملازمین کی انجمنوں نے حکومتی رویہ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تاخیر کو غیر منصفانہ اور استحصالی قرار دیا ہے۔