کیڈٹ نیشنل ریسلنگ چیمپئن شپ 2025 اتوار کو گوجرانوالہ میں منعقد ہوگی

ہفتہ 23 اگست 2025 17:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2025ء) پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام اور ڈویژنل اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے کیڈٹ نیشنل ریسلنگ چیمپئن شپ 2025 (کل) اتوار کو ریسلنگ کمپلیکس (اکھاڑہ انعام بٹ)، شیخوپورہ موڑ،پہلوانوں کے شہر گوجرانوالہ میں منعقد ہو گی۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل انعام بٹ نے بتایاکہ ملکی تاریخ میں ایسا ایونٹ پہلی مرتبہ منعقد ہو رہا ہے اور چیمپئن شپ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں جس میں ملک بھر سے سو سے زیادہ پہلوان حصہ لیں گے۔

پہلوان 30 کلو سے لے کر 125 کلو تک مختلف ویٹ کیٹیگریز کے مقابلوں میں حصہ لیں گے۔ چیمپئن شپ میں مقابلوں کا آغاز صبح 11 بجے شروع ہوگا جبکہ فائنل راؤنڈ اور انعامی تقریب شام 4 سے 5 بجے کے درمیان منعقد ہوگی۔ چیمپئن شپ میں جیتنے والے پہلوانوں کو کیش پرائز، میڈلز اور اسناد تقسیم کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے پہلوانوں کو انٹرنیشنل مقابلوں میں نمائندگی کا شاندار موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔