باجوڑ آپریشن: فتنتہ الخوارج کا عوام مخالف پروپیگنڈا بے نقاب

ہفتہ 23 اگست 2025 18:15

باجوڑ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اگست2025ء) سکیورٹی فورسز کی جانب سے جاری آپریشن کے خلاف فتنتہ الخوارج کے ایک نئے پروپیگنڈے کا پردہ فاش ہو گیا ہے، جس میں خارجی نور ولی کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔ اس اعلامیے میں باجوڑ آپریشن کو پاک فوج کا ظلم قرار دیا گیا، جبکہ حقائق اس سے یکسر مختلف ہیں۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ 18 اگست کو فورسز نے باجوڑ کے عوام کو یہ ہدایات دی تھیں کہ دہشت گردوں کو علاقے میں داخل نہ ہونے دیا جائے۔

تاہم، فتنتہ الخوارج کے جاری کردہ بیان میں مقامی کمانڈروں کو باجوڑ چھوڑنے کی اجازت نہ دینے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق، اس پروپیگنڈے کا مقصد عوام کو - دھوکہ دینا اور فوج کے آپریشنز کو بدنام کرنا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ سکیورٹی فورسز باجوڑ میں صرف دہشت گردوں کو نشانہ بنا رہی ہیں تاکہ عوام کی زندگیوں، ان کے کاروبار اور بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

باجوڑ کے اصل سپوت اس دھرتی کے بیٹے ہیں اور وہ دہشت گردوں اور خوارج کے جھوٹے بیانیے کو مسترد کر چکے ہیں۔ سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے باعث بے گھر ہونے والے خاندانوں کی مشکلات کا اصل ذمہ دار فتنتہ الخوارج کا ظلم اور دہشت گردی ہے۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فتنتہ الخوارج کی شکست دراصل اس کی دوغلی پالیسی کا نتیجہ ہے، جس میں وہ عوام کو اپنی جانب راغب کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔

باجوڑ کے عوام نے ان کے جھوٹے دعووں کو پہچان لیا ہے اور اب وہ ترقی، خوشحالی اور امن کی طرف گامزن ہیں۔ سکیورٹی فورسز کا کہنا ہے کہ باجوڑ کا مستقبل اب امن، ترقی اور خوشحالی سے وابستہ ہے، نہ کہ خونریزی اور دہشت گردی کی واپسی سے۔ دہشت گردوں کی باجوڑ واپسی کا مطلب مزید تباہ شدہ بازار، برباد گھروں کی داستانیں اور معصوم جانوں کا ضیاع ہوگا۔