لاہور میں بائیس نئے سمارٹ پولیس اسٹیشن پولیس کے حوالے

ہفتہ 23 اگست 2025 20:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اگست2025ء) سابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا ایک اور منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچ گیا۔ لاہور میں نئے تعمیر شدہ بائیس پولیس اسٹیشن لاہور پولیس کے حوالے کر دیے گئے۔ محسن نقوی کے دور میں پنجاب بھر کے تھانوں کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ شروع کیا گیا تھا، جس کے تحت صوبے میں چھتیس سمارٹ پولیس اسٹیشن بنائے جانے تھے۔

ان میں سب سے زیادہ یعنی بائیس تھانے لاہور میں تعمیر کیے گئے۔

(جاری ہے)

لاہور کے نئے سمارٹ پولیس اسٹیشنز کی عمارتیں جدید طرزِ تعمیر کی بنیاد پر بنائی گئی ہیں۔ ان تھانوں میں جوہر ٹاؤن، سمن آباد، نواں کوٹ، قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ، لوہاری گیٹ، کوٹ لکھپت، باٹا پور، شیرا کوٹ، وحدت کالونی، سندر، شفیق آباد اور ہربنس پورہ شامل ہیں۔اس کے علاوہ نواب ٹاؤن، نشتر کالونی، شالیمار، اسلام پورہ، گجرپورہ، غالب مارکیٹ، ساندہ، شاہدرہ اور شادباغ کے پولیس اسٹیشن بھی سمارٹ پولیس منصوبے کے تحت تعمیر کیے گئے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق یہ نئی عمارتیں آئندہ چند روز میں فعال کر دی جائیں گی۔