عوام کو معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی مری کی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک

ہفتہ 23 اگست 2025 22:44

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2025ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر عوام کو معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی مری کی ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں۔ ڈائریکٹر آپریشن نارتھ کی زیر نگرانی مری مال روڈ پر مختلف فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی۔

(جاری ہے)

اس دوران 13 فوڈ پوائنٹس کا معائنہ کیا گیا جن میں سے ایک فوڈ پوائنٹ کو ناقص انتظامات کی بنا پر سیل کر دیا گیا جبکہ 2 فوڈ پوائنٹس پر قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر 2 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

چیکنگ کے دوران بڑی مقدار میں ایکسپائرڈ بریڈ اور گلی سڑی سبزیاں بھی تلف کر دی گئیں۔ ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ شہریوں اور سیاحوں کو معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور غیر معیاری خوراک فراہم کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری ہے۔ اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی شکایت کی صورت میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر رابطہ کریں۔