سٹی ٹریفک پولیس مری کا کم عمر اور بغیر لائسنس ڈرائیوروں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری

ہفتہ 23 اگست 2025 22:47

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2025ء) سٹی ٹریفک پولیس مری نے کم عمر اور بغیر لائسنس ڈرائیوروں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ کارروائیاں ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے کی جا رہی ہیں تاکہ عوام کو محفوظ سفر فراہم کیا جا سکے۔ سی ٹی او مری وسیم اختر نے کہا کہ کم عمر اور بغیر لائسنس ڈرائیور نہ صرف اپنی جان بلکہ سڑک پر موجود دیگر افراد کی جان کے لیے بھی خطرہ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی صورت میں ایسے افراد کو گاڑی یا موٹر سائیکل چلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ضلع مری میں خصوصی اسکواڈ تشکیل دیئے گئے ہیں جو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کریں گے۔ اس دوران چالان، جرمانے اور دیگر قانونی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سی ٹی او مری نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ کم عمر بچوں کو گاڑی یا موٹر سائیکل چلانے سے روکیں اور 18 سال سے زائد عمر کے افراد فوری طور پر ڈرائیونگ لائسنس حاصل کریں۔ ٹریفک پولیس نے عوام کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ ٹریفک قوانین پر عمل کریں، محفوظ رہیں اور دوسروں کو بھی محفوظ رکھیں۔