سنٹرل پولیس آفس میں انسپکٹر عہدے پر ترقی پانے والے افسران کو پروموشن رینک لگانے کی تقریب

ہفتہ 23 اگست 2025 22:58

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2025ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر انسپکٹر عہدے پر ترقی پانے والے افسران کو پروموشن رینک لگانے کی تقریب سنٹرل پولیس آفس میں منعقد کی گئی۔ آئی جی پنجاب نے پروموٹ ہونے والے افسران کو انسپکٹر عہدے کے رینک لگائے۔ گوجرانوالہ اور سرگودھا ریجن کے 60 پولیس افسران کو پروموشن رینک لگائے گئے۔

تقریب میں پروموٹ ہونے والے افسران کے والدین، بچوں اور اہلخانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ آئندہ پروموشن بورڈز میں متعلقہ ریجن کے آر پی اوز بھی شرکت کریں گے۔ ترقی پانے والے افسران کانسٹیبلری سے موثر رابطہ رکھیں، مسائل حل اور انکی گرومنگ کریں۔ سی سی ڈی، رائٹ مینجمنٹ پولیس سمیت نئے پولیس یونٹس کے قیام سے ہزاروں نئی آسامیاں اور ترقیاں ممکن ہوئیں۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس کی بھرپور سرپرستی پر وزیر اعلی پنجاب اور حکومت پنجاب کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں۔ وزیر اعلی پنجاب نے پولیس کے ہیومن ریسورس، لاجسٹکس، انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ کی فراہمی کیلئے بھرپور معاونت فراہم کی۔ صوبائی ٹورازم پولیس اور سائبر کرائم ڈیپارٹمنٹ کے قیام کے ذریعے سینکڑوں نئی آسامیاں پیدا ہوئیں اور مزید پروموشنز ہوں گی۔ کرپشن، بد اخلاقی پر زیرو ٹالرنس ہے اور بہترین رویوں کے ساتھ شہریوں کی خدمت کریں۔ پروموشنز، ویلفئیر اور موٹیویشن کے بدلے میں پاکستانیوں کی بے لوث خدمت یقینی بنائیں۔ ایڈیشنل آئی جی پنجاب سلطان احمد چوہدری، ڈی آئی جیز اسٹیبلشمنٹ ون اینڈ ٹو، اے آئی جی، ایس پیز اور ایس ڈی پی اوز نے تقریب میں شرکت کی۔