لالہ موسی، پولیس ،ڈاکوئوں کے درمیان فائرنگ، ایک ہلاک، کانسٹیبل زخمی

ہفتہ 23 اگست 2025 22:00

لالہ موسی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اگست2025ء)گزشتہ روز علی الصبح تھانہ CCD گجرات پولیس پارٹی اور اشتہاری ملزمان کے درمیان محلہ کریم پورہ لالہ موسی میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی گولی لگنے سے جاں بحق جبکہ پولیس کا ایک کانسٹیبل زخمی ہوگیا۔ابتدائی پولیس رپورٹ کے مطابق پولیس ٹیم، جس میں ایس آئی، ہیڈ کانسٹیبلز اور متعدد اہلکار شامل تھے، مخبر خاص کی اطلاع پر لالہ موسی میں ریڈ کرنے پہنچی۔

اطلاع تھی کہ مقدمہ نمبر (1200/25ڈکیتی کی واردات) میں مطلوب ملزمان یہاں موجود ہیں۔ پولیس کے قریب پہنچتے ہی ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ اس دوران کانسٹیبل زین العابدین شدید زخمی ہوگیا۔پولیس کے مطابق مخبر خاص کی نشاندہی پر شناخت ہونے والا مرکزی ملزم رحمان عرف مزمل ولد غلام قادر اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے گولی لگنے کے باعث زخمی ہوا، جسے گرفتار کر کے اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

(جاری ہے)

پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزم متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا۔دیگر دو ملزمان، جن میں حسن علی اور ایک نامعلوم شامل ہیں، فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف اقدامِ قتل، کارِ سرکار میں مزاحمت اور فائرنگ کے نتیجے میں ساتھی کو ہلاک کرنے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔