Live Updates

ملک کے آبی ذخائر میں پانی کی صورت حال تسلی بخش، دریاوں میں پانی کی آمد جاری

جمعرات 28 اگست 2025 22:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اگست2025ء) واپڈا کے ترجمان کے مطابق، ملک کے اہم دریاو ں اور آبی ذخائر میں پانی کی موجودہ صورت حال تسلی بخش ہے، جبکہ دریاو ں میں پانی کی آمد میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ تربیلا، منگلا اور چشمہ ریزوائرز میں پانی کے مجموعی ذخیرے کی مقدار ایک کروڑ 17 لاکھ 22 ہزار ایکڑ فٹ تک پہنچ چکی ہے۔

ترجمان کے مطابق تربیلا کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کی آمد ایک لاکھ 86 ہزار 100 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ تربیلا ریزوائر میں پانی کا ذخیرہ 57 لاکھ 28 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔دوسری جانب منگلا کے مقام پر دریائے جہلم میں پانی کی آمد 43 ہزار 300 کیوسک ہے، اور منگلا ریزوائر میں آج پانی کا ذخیرہ 57 لاکھ 82 ہزار ایکڑ فٹ ریکارڈ کیا گیا۔

(جاری ہے)

چشمہ بیراج میں پانی کی آمد 2 لاکھ 52 ہزار 200 کیوسک تک پہنچ گئی ہے، جبکہ چشمہ ریزوائر کا موجودہ ذخیرہ 2 لاکھ 12 ہزار ایکڑ فٹ ہے۔

اسی طرح ہیڈ مرالہ پر دریائے چناب میں پانی کی آمد ایک لاکھ 91 ہزار 900 کیوسک اور نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں پانی کی آمد 33 ہزار 400 کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے۔ماہرین کے مطابق، مون سون کے جاری سلسلے اور پہاڑی علاقوں سے بہاؤ کے باعث پانی کی یہ سطح زراعت اور آبی ضروریات کے لیے اطمینان بخش سمجھی جا رہی ہے۔ تاہم، نچلے درجے کے علاقوں میں پانی کے بہاؤ پر مسلسل نگرانی جاری ہے تاکہ کسی ممکنہ سیلابی خطرے سے بروقت نمٹا جا سکے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات