Live Updates

جولائی میں مہنگائی کی شرح 11.1 فیصد سے کم ہوکر 4.1 فیصد پر آگئی ہے، وزارت خزا نہ

جمعرات 28 اگست 2025 21:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اگست2025ء) وزارت خزانہ نے رواں مالی سال کے پہلے ماہ جولائی 2025 کا ماہانہ معاشی آؤٹ لک جاری کر دیا ہے، جس میں ملک کی معاشی صورتحال کے کئی مثبت اشاریے سامنے آئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ترسیلات زر، برآمدات، درآمدات اور ایف بی آر کے محصولات میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق جولائی میں ترسیلات زر میں 7.4 فیصد اضافہ ہوا، برآمدات میں 16.2 فیصد اور درآمدات میں 11.8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ایف بی آر کے محصولات میں بھی 14.8 فیصد اضافہ ہوا، جو ملکی معیشت کے لیے خوش آئند پیش رفت ہے۔مرکزی بینک کے ذخائر 9.3 ارب ڈالر سے بڑھ کر 14.3 ارب ڈالر ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (FDI) میں بھی 6.9 فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا، اگرچہ مجموعی بیرونی سرمایہ کاری میں 55 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق جولائی میں مہنگائی کی شرح 11.1 فیصد سے کم ہوکر 4.1 فیصد پر آگئی ہے، جو عوام کے لیے کسی قدر ریلیف کا باعث بن سکتی ہے۔ تاہم کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 25 کروڑ ڈالر سے زائد رہا، اور روپے کی قدر میں کمی بھی رپورٹ کا حصہ ہے۔27 اگست 2024 کو ڈالر کا ریٹ 278 روپے 30 پیسے تھا، جو رواں مالی سال 27 اگست 2025 کو بڑھ کر 281 روپے 80 پیسے ریکارڈ کیا گیا۔ماہرین کے مطابق رپورٹ میں مثبت اشاریوں کے ساتھ ساتھ کچھ چیلنجز بھی موجود ہیں جن پر حکومت کو پالیسی سطح پر توجہ دینا ہوگی، تاکہ معاشی استحکام کا یہ سفر جاری رکھا جا سکے۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات